عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے26جنوری کے موقع پر ایم اے سٹیڈیم میں 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر یوٹی سطح کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوم جمہوریہ پریڈ کے دستوں کا معائینہ کیا اور سلامی لی۔ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، آئی آر پی (خواتین اور مرد)، جموںوکشمیر پولیس، جے کے اے پی، یو ٹی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، جموں وکشمیر فارسٹ پروٹیکشن فورس، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ،ایکسائز کے سمارٹ دستے ، سابق فوجی ، این سی سی ( لڑکیا ں اور لڑکے) ،بھارت سکائوٹس اینڈ گائیڈز ( گرلز اینڈ بوائز ) اور کئی سکولی دستے ،آرمی کے براس اینڈ پائپ بینڈ ،بی ایس ایف ،جموںوکشمیر پولیس ، جموںوکشمیر آرمڈ پولیس اور مختلف سکولوں کے بینڈ جوان ( لڑکیاں اور لڑکے ) شامل تھے۔مختلف محکموں کی جانب سے وِکست بھارت سنکلپ یاترا، آجیویکا سے آتم نربھر بھارت ، ہر گھر نل سے جل، ویملم گرامم۔ سوچھتا اور وکاس کا سنکلپ اور پی ایم۔ ایس ایچ آر آئی پیش کئے گئے ٹیبلو تقریبات کی خاص بات رہی۔اِس موقعہ پر جے کے پی ڈیئر ڈیولز کی جانب سے موٹرسائیکل پر ایکروبیٹکس کا شاندار مظاہرہ، جمناسٹک، جموں کشمیر کی تاریخ اور ورثے کو اُجاگر کرنے اور کثرت میں وحدت اور قومی یکجہتی کے جذبے کا جشن منانے کے لئے رقص پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس شہدٔ کی یادگار اور بلیدان ستمبھ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس، فوج اور سی اے پی ایف کے بہادر شہیدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پولیس پبلک اسکول، پائپ بینڈ وآئی آر پی دستوں کی شاندار پریڈ
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ودیگران نے مبارکباد پیش کی
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں و کشمیرآر آر سوین، چیئرپرسن جے اینڈ کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے اور پولیس پبلک اسکول کے منتظمین نے پولیس پبلک اسکول جموں اور جموں و کشمیر پولیس دستوں کی یوم جمہوریہ کی پریڈ میں نمایاں کار کردگی اور ان کی مثالی کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔جموں میں پولیس پبلک اسکول کے لڑکوں کے بینڈ کے دستے کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کے پریڈ دستے نے اپنے اپنے زمروں میں نمایاں نظم و ضبط اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سری نگر میں جموں وکشمیر پولیس پائپ بینڈ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اورانڈین ریزرو پولیس کے دستے نے پریڈ کے زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈی جی پی جموں و کشمیر اور چیئرپرسن جے اینڈ کے پی ڈبلیو ڈبلیو اے اور پولیس پبلک اسکولز نے پولیس پبلک اسکول جموں کے طلباء کی محنت، لگن اور ہم آہنگی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سری نگر میں پولیس دستوں کی مثالی کارکردگی کو سراہا۔اپنے تہنیتی پیغامات میں ڈی جی پی اور چیئرپرسن نے شرکاء کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کی نمائندگی کرتے رہیں۔
این سی نے جموں اور سانبہ میں قومی پرچم لہرایا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر رتن لال گپتا اور ایڈیشنل جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اجے کمار سدھوترا نے سیکولر اخلاقیات کے تحفظ اور فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنوع میں اتحاد ہی قوم کی سب سے بڑی طاقت ہے۔شیر کشمیر بھون میں 75 ویں یوم جمہوریہ پر ترنگا لہراتے ہوئے رتن لال گپتا نے اس پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی اور لوگوں سے ہم آہنگی برقرار رکھنے اور امن اور اتحاد کیلئے کوشش کرنے کی تلقین کی۔اجے کمار سدھوترا نے اس موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ جموں و کشمیر کے شانداراخلاق کی پہچان دوستی اور امن کے رشتوں کو مضبوط کرنے کیلئے کام کریں گے۔اجے کمار سدھوترہ اور رتن لال گپتا نے اندرا چوک پر ترنگا جھنڈا لہرایا اس تقریب کا اہتمام چندر موہن شرما ضلع صدر جموں اربن نے کیا تھا۔اس موقع پر موجود نمایاں افراد میں، شیخ بشیر احمد صوبائی سیکرٹری، عبدالغنی ملک زونل صدر ادھم پور ریاسی اور سابق وزیر، قاضی جلال الدین سابق ایم ایل اے، پردیپ بالی، ایوب ملک صوبائی سیکرٹریز جموں، ڈاکٹر چمن لال بھگت و دیگران بھی موجود تھے ۔اسی طرح پارٹی کی جانب سے سانبہ ضلع میں بھی تقریبات منعقد کی گئی سردار گردیپ سنگھ سینی، گنڈالی پنچایت کے سابق سرپنچ اور بی جے پی پنچایتی راج سیل، جموں و کشمیر کے شریک کنوینر نے 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پنچایت میں مختلف مقامات پر قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے تمام ہم وطنوں کو یوم جمہوریہ کی دلی مبارکباد پیش کی۔
جموںوکشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نے نئی دہلی میں یوم جمہوریہ منایا
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//حکومت جموں وکشمیر کے اَیڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر پون کمار شرما نے 75ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر جموںوکشمیر ہائوس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔اِس موقعہ پر جموں و کشمیرآرمڈ پولیس کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اوراِس تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموں و کشمیر کے تمام افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر شُرکأ کو مبارک باد دیتے ہوئے ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارے ان شہدأ اور مجاہدین آزدی کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری عظیم قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں ۔اُنہوں نے کثر ت میں وحدت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے ۔اِس موقعہ پر رنگارنگ پروگرام بھی پیش کیا گیا ہے ۔بعد میں ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموں و کشمیر ہاؤس کے اَفسروں اور ملازمین سے بات چیت کی۔
جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب منعقد
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے 26 ؍جنوری 2024 ء کو 75 واں یوم جمہوریہ منایا۔ یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب ہائی کورٹ وِنگ جموں میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس ،جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے قومی پرچم لہرایا اور شُرکأ کو مُبارک باد دی ۔اِس تقریب میں جسٹس تاشی ربستن ، جسٹس سندھو شرما، جسٹس رجنیش اوسوال ،جسٹس وِنود چٹرجی کول، جسٹس پونیت گپتا ، جسٹس جاوید اِقبال وانی ، جسٹس محمد اَکرم چودھری ، جسٹس راہل بھارتی ، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی اور جسٹس راجیش سیکھری نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کے علاوہ ان کی شریک حیات بھی موجود تھیں۔ تقریب میںایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ،رجسٹرار جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ شہزاد عظیم، سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری ایم کے شرما اور ہائی کورٹ رجسٹری کے دیگر افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جموں، رجسٹرار جوڈیشل ہائی کورٹ جموں وِنگ، بار صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں اور جموں کے سینئروکلأ اور پولیس اور اِنتظامیہ کے اَفسران بھی موجود تھے۔ہائی کورٹ جموں وِنگ میں قومی پرچم لہرانے کے بعد آرمڈ فورسز کے دستے نے حب الوطنی کے گیت گائے اور دھنیں بجائیں۔ چیف جسٹس ،جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے آرمڈ فورسز کے اَرکان میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔اِسی طرح ہائی کورٹ سری نگر وِنگ میں بھی جج جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس اَتل سری دھرن نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔اِس کے بعد بینڈ کے ذریعے قومی ترانہ اور حب الوطنی کی دھنیں بجائی گئیں۔اِس تقریب میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے دھر بھی موجود تھے۔ اِس کے علاوہ ممبرجموں و کشمیر سپیشل ٹریبونل سری نگر، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنزجج سری نگر، رجسٹرار جوڈیشل سری نگر وِنگ، پولیس اور اِنتظامیہ کے اَفسران، سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز اور دیگر لأ اَفسران اور ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ کے اَفسران وملازمین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ڈی آئی پی آرنے جموں میں پروگرام کا اہتمام کیا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) نے میڈیا کمپلیکس ریل ہیڈ کمپلیکس میں یوم جمہوریہ 2024 ء منایا۔اِس موقعہ پر ناظم اطلاعات جتن کشور نے قومی پرچم لہرایا۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن (ہیڈکوارٹرز)، جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن جموں، ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل، ڈپٹی ڈائریکٹر اے وی، ڈپٹی ڈائریکٹر (پی آر) جموں، اکائونٹس آفیسر، اِنفارمیشن آفیسر، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ناظم اِطلاعات نے تقریب کے موقعہ پر محکمہ کے افسروں اورملازمین کے ہمراہ انیل کمار ابرول (فیلڈ پبلسٹی آفیسر)، ہربنس سنگھ (پروجیکٹر آپریٹر) اور آنچل سنگھ (پروجیکٹر آپریٹر) کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جو تقریباً ڈھائی دہائی قبل آج ہی کے دن اَپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے تھے۔
بھاجپا نے 75 واں یوم جمہوریہ جوش و خروش سے منایا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں و کشمیر بھر میں 75 ویں یوم جمہوریہ کو جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے ہر محلے، چوکوں اور اہم مقامات پر قومی پرچم لہرایا۔پارٹی کارکنوں نے اس موقع پر خوشی منانے کے لئے مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے قومی یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کیا ۔بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر،جموں میں،بی جے پی صدر رویندر رینہ سابقہ ڈپٹی سی ایم کویندر گپتا، پارٹی جنرل سکریٹری ڈاکٹر دیویندر کمار منیال، وکرم رندھاوا، اسیم گپتا، تلک راج گپتا، ریکھا مہاجن، ارون پربھات سنگھ، ڈاکٹر پردیپ مہوترا، پریم گپتا، کلبھوشن موہترا، نیلم لنگیہ، شیلجا گپتا، روشن چودھری اور دیگر بی جے پی رہنماؤں نے ترنگا لہرایا۔جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (آر جی) اشوک کول نے دیگر بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں منعقدہ پروگرام میں بھی شرکت کی۔
بی جے پی کے دفتر، کاچی چاونی، جموں میں، سابق وزیر ست شرما، سابق ایم پی شمشیر سنگھ منہاس، نائب صدر صوفی یوسف، سابق میئر راجندر شرما، ایودھیا گپتا، پرمود کپاہی، سنجیتا ڈوگرا، باوا شرما، رجنی سیٹھی، سنجے بارو، پردومن سنگھ اور دیگر بی جے پی لیڈروں نے قومی پرچم لہرایا۔سٹی چوک جموں میں ایم پی جگل کشور شرما، نائب صدر یودھویر سیٹھی، سابق وزیر پریا سیٹھی، ترجمان پورنیما شرما، سبھاش گپتا، سنیل پرجاپتی، نروتم شرما، ہری اوم شرما اور دیگر بی جے پی لیڈروں نے قومی پرچم لہرایا۔