سرینگر///شیرکشمیرسٹیڈیم میں منعقدہ یوم آزادی پریڈ کی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے تعریف کرتے ہوئے کہاکہ خراب موسم اور پوری پریڈ کے دوران شدیدبارش کے باوجودتمام ٹکڑیوں نے مکمل نظم وضبط اوردل جمعی کامظاہرہ کیا۔پولیس سربراہ نے ان خیالات کااظہار سینئر پولیس حکام اورپریڈ میں شامل پولیس اور فورسز کی ٹکڑیوںکے کمانڈروںکے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔اس تبادلہ خیال میں پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس جے ایم گیلانی،ایم کے سنہا،دنیش رانا،انسپکٹر جنرل غریب داس،وجے کمار،آلوک کمار،اسسٹنٹ انسپکٹرجنرل پولیس ہیڈ کوارٹر،پریڈ کمانڈر ایس ایس پی منظور دلال،بی ایس ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ اوردیگراعلی حکام موجود تھے۔ پولیس سربراہ نے خراب موسم کے باوجود ڈرل ،نظم وضبط اور غیرمعمولی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع صدر مقامات پر منعقدہ پریڈیں بھی رنگارنگ اور متاثر کن تھیں۔انہوں نے کہاکہ کئی ضلع صدرمقامات پرپولیس دستوں کی کارکردگی نمایاں طورغیرمعمولی تھی۔ پولیس سربراہ نے حکام کو بتایا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں کشمیر پولیس ،جموں کشمیرمیں تعینات نیم فوجی دستوںکے افسروں اور اہلکاروں اور ان کے کنبوں کو مبارکباد دی ہے اورافسروں اورجوانوں کیلئے بڑاکھانا کااہتمام کرنے کی خواہش کااظہار کیاہے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ وزیرداخلہ نے میڈل حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی ہے اوران اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے ملک کی سالمیت اور یکجہتی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔اس دوران افسروں اور کمانڈروں نے کچھ تجاویز بھی پیش کیں جن پر مزیدبحث ومباحثہ ہوا۔