سرینگر//حریت (گ)،تحریک مزاحمت، مسلم لیگ ، ماس مومنٹ نے یوم آزادی پاکستان کے موقعہ پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے پاکستانی عوام، حکومت اور افواج پاکستان کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری قوم کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے کی وجہ سے ہمارا پسندیدہ اور محسن ملک ہے، لہٰذا ہم اس ملک کے امن، استحکام اور ترقی وخوشحالی کے لیے دُعا گو ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ ایک مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک بنیادی اور اہم ضرورت ہے۔گیلانی نے کہا کہ جموںو کشمیر میں آج آبادیاتی تناسب (ڈیموگرافی )تبدیل کرنے کے حوالے سے جو سازشیں رچائی جارہی ہیں، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرانے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہیے، کیونکہ پاکستان مظلوم کشمیری قوم کی امیدوں اور آرزوؤں کا مرکز ہے اور ہماری جدوجہدِ آزادی میں اﷲ تبارک وتعالیٰ کے بعد پاکستان ہی ایک ظاہری سہارا ہے، جو قومی اور بین الاقوامی فورموں پر ہمارے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور جس نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد کی ہے۔ گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی حمایت حاصل نہ ہوتی، تو اپنا حقِ آزادی مانگنے کے جرم میں نہ صرف کشمیری قوم کو ایک ہی بار صفحۂ ہستی سے مٹادیا جاتا اور ان پر بمباری کی جاتی، بلکہ خود بھارت میں بودوباش رکھنے والے مسلمانوں کو بھی فرقہ پرست قوتیں سمندر بُرد کرتیں یا جلاوطن ہونے پر مجبور کرتیں۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ یہ ملک بیرونی سطح پر جہاں امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی ملی جُلی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کا شکار ہے، وہاں داخلی سطح پر یہ کئی نامہربان دوستوں کی کوتاہ اندیشیوں کی وجہ سے سنگین مسائل سے دوچار ہو رہاہے۔ادھر تحریک مزاحمت سربراہ بلال احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کے لئے بالعموم اور جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لے بالخصوص ایک مظبوط قلع کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ’’ہم اللہ سے دعا گو ہے کہ اللہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رکھے اور اسے حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی مملکت بنائے‘۔مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے یوم آزادی پاکستان کے موقعہ پر اہلِ پاکستان کو مبارک بادی کا پیغام پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ /14اگست جو پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے ،کے موقعہ پر پاکستانی قیادت، فوج اور عوام مل جل کر مملکتِ خداداد کو ہر سطح پر مضبوط، منظم اور مستحکم بنانے کا تہہ کر لیں تاکہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی آنچ نہ آنے پائے اور عدوانِ پاکستان کی ریشہ دوانیاں اور عرضِ پاک کو غیر مستحکم بنانے کی ہر سازش ناکامی سے دوچار ہوجائیں۔سجادایوبی نے کہا کہ /14اگست ایک طرف اہل پاکستان کو خارجی اور داخلی سطح پر آنے والی سازشوں اور نت نئے چیلنجوں کا سامنا اور توڑ کرنے کے لئے ایک نئے سرے سے تمام آپسی اختلافات اور خلفشاریوں کو بھول کر متحد اور منظم طریقے سے صفا بند ہونے کی دعوت دے رہا ہے ۔ ماس مومنٹ کی سربراہ نے فریدہ بہن جی نے پاکستان کو مسلم دنیا کیلئے ریڈ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان امت مسلمہ اورمسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم ضروری ہے ۔انہوںنے عالمی منظر نامے پر تبدیلیوں اور دنیا ئے سیاست کے نشیب و فراز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے کہ وہ پاکستان کی مرکزیت اور اس کے کلیدی رول کے مدنظر اس کی حفاظت کے لئے کمر بستہ رہیں ۔