ایم ایم پرویز
رام بن//یوم آزادی سے قبل بدھ کو سری نگر جموں نیشنل کے علاوہ ضلع بھر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس، سی آر پی ایف اور فوج کی طرف سے مشترکہ طور پر علاقے کے تسلط کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے اور سری نگر جموں قومی شاہراہ پر چنانی ۔ ناشری اور بانہال ۔ قاضی گنڈ سرنگوں کے درمیان گاڑیوں کی چیکنگ اور مسافروں کے شناختی کارڈ کی جانچ کے لیے خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔فوج، نیم فوجی پولیس دستے گشت میں ریاستی پولیس کی مدد کر رہے ہیں، اور ضلع میں سرنگوں، ریلوے سٹیشنوں اور بگلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ چندر کوٹ جیسی اہم تنصیبات پر فورس کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک چیز یا افراد کی نقل و حرکت پر شبہ ہونے کی صورت میں قریبی پولیس چوکی یاسٹیشن کو اطلاع دیں تاکہ تقریب پرامن طریقے سے منائی جاسکے۔اس دوران سری نگر جموں قومی شاہراہ ہلکی درمیانی گاڑیوں کی دو طرفہ اور بھاری گاڑیوں کی یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھلی رہی۔ٹریفک حکام نے کہا کہ مناسب موسم اور سڑک کے اچھے حالات کے پیش نظر، ہلکی درمیانی گاڑیوں کو جمعرات کو قومی شاہراہ پر سری نگر اور جموں کی طرف دونوں طرف چلنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بھاری گاڑیوں کو جمعرات کو قاضی گنڈ، کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت ہوگی۔