عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پرفوج کی جانب سے راجوری کے علاقہ سموٹ میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا تھا۔ یہ مہم جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں سرسبز ماحول کی ترویج اور جنگلات کی کٹائی کے خلاف جاری مہم کا ایک حصہ تھی۔اس موقع پر 15 فوجی اہلکاروں اور 20 مقامی باشندوں نے فعال طور پر شرکت کی، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ ماحول کے تحفظ کے لئے عوام اور فوج یکساں طور پر سنجیدہ ہیں۔ مہم کے دوران 18 پودے لگائے گئے جن میں بانس، اکیسیا گلوکااور کھیر جیسے اقسام شامل تھیں۔ یہ درخت ماحولیاتی حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ یہ مٹی کے کٹاؤ کو روکتے ہیں، ہوا کو صاف کرتے ہیں اور حیاتیاتی تنوع میں اضافہ کرتے ہیں۔پودے لگانے کے ساتھ ساتھ عوام کو شجرکاری کی طویل مدتی اہمیت اور ان پودوں کی نگہداشت کے بارے میں بھی معلومات دی گئیں۔ فوجی افسران نے اس بات پر زور دیا کہ صرف پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی دیکھ بھال اور نشوونما بھی اتنی ہی ضروری ہے تاکہ یہ درخت بن کر آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچا سکیں۔