سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو15 اگست کی تقریب کے دوران لالچوک اور گرو و نواح کی فضائی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونوں کا کامیاب تجربہ کیا ۔
یہ ایک درجن سے زیادہ ڈورون 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سری نگر شہر کی فضائی نگرانی کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب کے لیے مرکزی مقام اور اس کے ارد گرد علاقے کی فضائی نگرانی کیلئے کم سے کم دس ڈرون استعمال کیے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے این او کے مطابق ، پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ کی ایک ٹیم نے ماہرین کے ہمراہ سٹی سینٹر لال چوک کے پرتاپ پارک میں آج ان ڈرونز کا تجربہ کیا۔
پولیس ٹیم کی قیادت ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد عارف شاہ کر رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ ڈرونز کا لالچوک کے آس پاس 2 کلومیٹر علاقے کی نگرانی کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا” ہمارے پاس دس جدید ترین ڈرون ہیں جو سرینگر میں یوم آزادی کے مرکزی مقام اور اس کے ارد گرد فضائی نگرانی کے لیے استعمال کیے جائیں گے“۔
ان کا مزید کہنا تھا”فضائی نگرانی مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ ملٹی لیئر سیکورٹی کور کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد کرتا ہے“۔