سرینگر//وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے ملک بھر ’ہینڈلوم ڈے‘ کے سلسلے میں تقاریب کا انعقاد ہوا۔ اس سلسلے میں ویورس سروس سنٹر کی طرف سے کمونٹی ہال نالہ بل نوشہرہ سرینگر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر پشمینہ کانہ جماوار اور پشمینہ شال کی تخلیق کیلئے جانا جاتا تھا لیکن اس وقت ریاست کی وارثتی صنعت کو مشین میڈ اور مشین سپن پشمینہ سے خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ پشمینہ صنعت سے ریاست کے اندر لاکھوں لوگ بلواسطہ یا بلاواسطہ اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں ، ایسے میں ہم پر یہ بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس وراثتی صنعت کے تحفظ کیلئے آگے آئیں اور اس انڈسٹری کے تحفظ اور ترقی کیلئے ہر ایک ممکن اقدام کریں۔ اسسٹنٹ دائریکٹر ویورس سروس سنٹر نے تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ہینڈلوم ڈے کی اہمیت اور افادیت بیان کیا اور کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ہینڈلوم سیکٹر کو ترقی پذیر کرنے کیلئے سنجید ہے ۔ اس موقعے پر جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کشمیر بشیر احمد وانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ہینڈلوم مسٹر ست پال بوویریااور ڈپٹی ڈائریکٹر ہینڈلوم مستر ٹی ایف شال نے بھی ریاستی اور مرکزی سکیموں پر روشنی ڈالی۔