عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// یومِ آزادی کی آمد کے سلسلے میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی، عابد حسین شاہ نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں مقامی تاجر ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد کی۔اس میٹنگ کا بنیادی مقصد قومی تقریبات کے شایانِ شان انعقاد کیلئے ضروری انتظامات پر غور و خوض اور تاجر برادری کی فعال شمولیت کو یقینی بنانا تھا۔ میٹنگ کے دوران ایس ڈی ایم تھنہ منڈی نے کہا کہ یومِ آزادی نہ صرف جشن کا موقع ہے بلکہ حب الوطنی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے کا ایک سنہری موقع بھی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی دکانوں اور بازاروں کو قومی پرچم، ترنگا روشنیوں اور بینرز سے مزین کریں تاکہ پورے علاقہ میں جشن کا رنگ نمایاں ہو۔ اس موقع پر صفائی ستھرائی، ٹریفک کے نظم و ضبط، اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل جیسے اہم پہلوؤں پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی تاکہ تقریبات پرامن، منظم اور بھرپور طریقے سے انجام پا سکیں۔ میٹنگ میں تاجر ایسوسی ایشن کے کئی نمایاں اراکین جن میں محمد یونس، ماجد میر، ارشد نواز خان، سردار شوکت، محمد اسلم شال، معروف رینا، عارف خان، محمد شکیل، طارق شال و دیگر شامل تھے، نے شرکت کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو اپنی مکمل حمایت اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی نے تاجر برادری کے مثبت ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل ہی کسی بھی قومی تقریب کو یادگار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر یومِ آزادی کو جوش و خروش، اتحاد اور قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔