عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں خطے کے ہر ایک ضلع ، سب ڈویژن اور تحصیل ہیڈ کوارٹر زپر ملک کے 79 ویں یومِ آزادی کے جشن کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ میں 79 واں یومِ آزادی کا دن اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ جہاں پر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چئیر مین دھنانتر سنگھ کوتوال نے قومی پرچم لہرایا ۔اس تقریب کا آغاز سکول کے طلباء نے قومی ترانے کے ساتھ کیا اس کے بعد ششتر سیما بل ( ایس ایس بی ) ، سنٹرل ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف ) ، آئی آر پی ، جموں اینڈ کشمیر پولیس ، جے اینڈ کے وومن پولیس ، این سی سی کے سینئر اور جونئیر ونگز ، ہوم گارڈز فاریسٹ پروٹیکشن فورس اور متعدد سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلباء نے مارچ پاسٹ میں شرکت کی ۔ ڈی ڈی سی کے چئیر مین نے ایس ایس پی ڈوڈہ کے ہمراہ پریڈ کا معائینہ کیا اور تمام شرکاء کے نظم و ضبط اور لگن کی تعریف کی ۔
بھدرواہ
بھدرواہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( اے ڈی سی ) بھدرواہ انیل کمار ٹھاکر نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ ترنگا لہرایا اور اجتماع سے خطاب کیا جس میں یومِ آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور آزادی پسندوں کی قربانیوں کو یاد کیا گیا ۔
سانبہ
سانبہ میں تاریخی رانی سوچیت سنگھ سٹیڈیم میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چیئر مین کیشو دے شرما نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں ڈسٹرکٹ پولیس ، فرسٹ خواتین بارڈر بٹالین ، آئی آر پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ، جے کے پی بینڈ م جے کے سکاؤٹس اینڈ گائیڈز ، این سی سی اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی ۔
ادھمپور
اودھمپور میں 79 ویں یومِ آزادی کی تقریب اودھمپور کے گورنمنٹ پی جی ڈگری کالج بوائیز اودھمپور میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے یئیر مین لال چند مہمانِ خصوصی تھے ۔ڈی ڈی سی اودھمپور لال چند نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس بینڈ کے علاوہ ، ایس کے پی اے ، ڈسٹرکٹ پولیس ، ہوم گارڈز ، این سی سی اور دیگر 32 دستوں پر مشتمل مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔
ریاسی
ریاسی میں جنرل زوراور سنگھ سپورٹس اسٹیڈیم میں ڈی ڈی سی کے چیئر پرسن سرف سنگھ ناگ نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی ۔ پروگرام میں قانون ساز اسمبلی کے ممبران ایم ایل اے ریاسی کلدیپ راج دوبے، ایم ایل اے شری ماتا ویشنو دیوی بلدیو راج شرما ، ڈپٹی کمشنر ریاسی ، اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔جموں و کشمیر پولیس ، این سی سی کیڈٹس اور سکول کے طلباء کے 19 دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا ۔ اس پروگرام میں ریاسی کے عام شہریوں نے بھی حصہ لیا ۔
رام بن
رام بن میں ڈسٹرکٹ پولیس لائین ( ڈی پی ایل ) رام بن میںچیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے قومی ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ میں حصہ لینے والے دستوں سے سلامی لی ۔ممبر قانون ساز اسمبلی رام بن ایڈووکیٹ ارجن سنگھ راجو ، ڈپٹی کمشنر رام بن ، ایس ایس پی ، ایس ایس پی ٹریفک ، اے ڈی سی ، ڈی پی او آئی سی ڈی ایس اور عام شہریوں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ اس تقریب کا آغاز قومی پرچم لہرانے سے ہوا اس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا ۔
کشتواڑ
کشتواڑ میں تاریخی چوگن گراؤنڈ میں چشوتی کشتواڑ میں پیش آئے کلاؤڈ برسٹ میں اپنی جان گنوانے والے لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔اس تقریب کی سربراہی چیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) کشتواڑ پوجا ٹھاکر نے کی اور قومی پرچم لہرایا ۔ انہوں نے رسمی پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پولیس ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز اور این سی سی کیڈٹس پر مشتمل مارچ پاسٹ سے سلامی لی ۔اپنے خطاب میں ڈی ڈی سی کی چئیر پرسن نے المناک واقعے میں انسانی جانوں کے زیاّں پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مشکل وقت کے دوران متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پوری طرح سے پُر عزم ہے ۔
راجوری
راجوری میں ڈسٹرکٹ پولیس لائینز ( ڈی پی ایل ) گراؤنڈ راجوری میں مرکزی تقریب کے ساتھ ضلعی ہیڈ کوارٹر ، سب ڈویژن ، تحصیل دفاتر اور پنچائتوں میں ایک تہوار کی طرح منایا گیا ۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چیئر پرسن ایڈووکیٹ چودھری نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں جے کے اے پی ، جے کے ایگزیکٹو پولیس ، جے کے پولیس بینڈ ، سی آر پی ایف ، جے کے ایف پی ایف ، ہوم گارڈ اور این سی سی کیڈٹس کے دستوں نے حصہ لیا ۔