عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو نے جمعہ کو یوم اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب میں ملک بھر کے اساتذہ کو قومی اعزازات سے نوازا۔ اس موقع پر محترمہ مرمو نے کہا کہ کھانا، لباس اور مکان کی طرح تعلیم بھی انسان کے وقار اور سلامتی کے لیے ضروری ہے ۔ عقلمند اساتذہ بچوں میں وقار اور تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے بطور استاذ اپنے وقت کو یاد کیا اور اس وقت کو اپنی زندگی کا ایک بہت ہی بامعنی دور قرار دیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم انسان کو قابل بناتی ہے ۔ تعلیم کی طاقت سے غریب ترین پس منظر کے بچے بھی ترقی کے بلندیوں کو چھو سکتے ہیں۔ پیار کرنے والے اور سرشار اساتذہ بچوں کی پرواز کو مضبوط بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ کے لیے سب سے بڑا انعام یہ ہے کہ ان کے طلبہ انہیں زندگی بھر یاد رکھیں اور خاندان، معاشرے اور ملک کے لیے قابل ستائش خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کردار سازی استاد کا اولین فرض ہے ۔ حساس، ذمہ دار اور سرشار طلبہ جو اخلاقی طرز عمل کی پیروی کرتے ہیں وہ ان لوگوں سے بہتر ہیں جو صرف مقابلہ، کتابی علم اور خود غرضی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایک اچھے استاد میں جذبات اور عقل دونوں ہوتے ہیں۔ جذبات اور عقل کا تال میل طلبہ پر بھی اثر انداز ہوتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اسمارٹ بلیک بورڈز، اسمارٹ کلاس رومز اور دیگر جدید سہولیات کی اپنی اہمیت ہے لیکن سب سے اہم اسمارٹ ٹیچر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ اساتذہ وہ اساتذہ ہیں جو اپنے طلبہ کی ترقی کی ضروریات کو سمجھتے ہیں۔ ہوشیار اساتذہ پیار اور حساسیت کے ساتھ مطالعہ کے عمل کو دلچسپ اور موثر بناتے ہیں۔ ایسے اساتذہ طلبہ کو معاشرے اور قوم کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے ۔ لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنے خاندان، معاشرے اور قوم کی تعمیر میں انمول سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو بہترین تعلیم فراہم کرنا خواتین کی زیر قیادت ترقی کو فروغ دینے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے ۔
کلاس روموں سے دیسی مصنوعات کو فروغ دیں:وزیر اعظم
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے آن لائن گیمز میں نوجوانوں کی حد سے زیادہ مشغولیت سے پیدا شدہ خدشات کے تحت، آج یومِ اساتذہ کے موقع پر کم عمری سے ہی طلباء میں قومی فخر اور خود انحصاری کے جذبات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ ایسی اقدار کی تعلیم بھی دیں جو ہندوستان کی ثقافتی اور اقتصادی روایات پر مبنی ہو۔ اس سلسلے میں،انہوں نے پارلیمنٹ میں حال ہی میں منظورشدہ آن لائن گیمز سے متعلق قوانین کا حوالہ دیا، جن کا مقصد طلباء اور کنبوں کوان کی لت، مالی استحصال اور پرتشدد مواد سے بچانا ہے ۔یوم اساتذہ کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباء میں ان خطرات کے تیئں بیداری پیدا کریں ۔ وزیر اعظم نے طلباء اور ان کے کنبوں کی مدد کے لیے ایسی سرگرمیوں کی تجویزپیش کی جن کے ذریعے وہ اپنے گھروں میں دیسی مصنوعات کی پہچان اور ان کے استعمال کو بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں سے بچوں میں دیسی مصنوعات کی اہمیت کو سمجھنے کا شعور پروان چڑھے گا اور ان میں قوم کی معیشت کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا ہوگا۔ مسٹر مودی نے اسکولوں کو ہدایت دی کہ وہ ہندوستان میں تیار کردہ اشیاء کو آرٹ اینڈ کرافٹ نیز ثقافتی تقریبات میں شامل کریں۔
کھرگے،راہل کی مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے یوم اساتذہ پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے ۔ مسٹر کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ اساتذہ کو حقیقی قوم بنانے والا مانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہالپ “اس یوم اساتذہ پر ہم ان قوم سازوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم ہندوستان کے سابق صدر، ایک فلسفی اور سیاستدان، ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کا علم، لگن اور شراکت نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔” مسٹر گاندھی نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ میں ہندوستان کے سابق صدر عظیم فلسفی ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن جی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔