بڈگام// سیاحتی مقام یوسمرگ میں اتوار کوفورسز اور نوجوانوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیںہوئیں۔ وسطی ضلع کے معروف سیاحتی مقام یوسمرگ اتوار کو اس وقت شلنگ سے گونج اٹھا جب وہاں نوجوانوں نے فورسز پر سنگبازی کی۔یوسمرگ میں ماہ مقدس سے قبل آخری اتوار ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ،جبکہ بیرون ریاستی سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد بھی قدرت کے مناظر سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ اس دوران اچانک نوجوان جمع ہوئے اور انہوں نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی اور جلوس برآمد کرنے کی کوشش کی۔عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں نے سی آر پی ایف پر سنگبازی بھی کی جبکہ فورسز اہلکاروں بھی جوابی سنگبازی کی۔طرفین میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ،جس کے بعد مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس کے گولے داغے گئے۔ فورسز نے نوجوانوں کا تعاقب بھی کیا ۔ سنگبازی اور شلنگ کی وجہ سے سیاحتی مقام پر بھگڈڑ مچ گئی۔