یورپ میں آواز بلند | 57 مظاہرین گرفتار، 17ہلکار زخمی

Towseef
2 Min Read

یو این آئی

برلن// جرمنی کے دارالحکومت میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والا ایک مظاہرہ اس وقت ہنگامہ آرائی میں بدل گیا جب مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برلن میں سالانہ ’پرائیڈ مارچ‘ کے موقع پر ‘‘انٹرنیشنلِسٹ کوئیر پرائیڈ فار لبریشن’’ کے تحت تقریباً 10 ہزار افراد فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے۔مظاہرین نے غزہ پر اسرائیلی بمباری، انسانی جانوں کے ضیاع اور صہیونیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، تاہم یہ احتجاج پرامن نہ رہ سکا اور مختلف مقامات پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی، امن عامہ میں خلل، پولیس پر مزاحمت، بوتلیں پھینکنے اور دہشت گرد تنظیموں کی علامتیں اٹھانے جیسے الزامات پر 57 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے مظاہرے کے دوران 17 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے، جن میں سے بعض کو فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔اسی روز برلن کے ایک اور حصے میں باقاعدہ ’پرائیڈ پریڈ‘ کا انعقاد بھی ہوا، جہاں سے پولیس نے مختلف الزامات میں مزید 64 افراد کو گرفتار کیا۔ دوسری جانب دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند گروہ نے بھی الگ سے مظاہرہ کیا ۔

Share This Article