یواین آئی
نئی دہلی // آزاد تجارتی معاہدے پر امریکہ کے ساتھ جاری کشمکش کے درمیان ہندوستان نے یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے جرمنی سے تعاون کی امید ظاہر کی ہے۔ جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان ڈیوڈ ویڈفل کے ساتھ بدھ کو یہاں مذاکرات کے دوران وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اپنے افتتاحی بیان میں یورپی یونین کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے اور آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت کو تیزی لانے کے لیے جرمنی کے تعاون کی خواہش کی۔جرمن وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر جے شنکر نے کہا ہم آپ اور آپ کے وفد کا جرمنی کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے ہندوستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 60 سالوں سے مختلف سطحوں پر مضبوط تعلقات رہے ہیں۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا ہم اسٹریٹجک شراکت کے 25 سال، سائنسی تعاون کے 50 سال، ثقافتی معاہدوں کے تقریباً 60 سال اور جیسا کہ آپ نے بنگلور میں دیکھا، ایک صدی سے زیادہ کاروباری تعلقات کا جشن منا رہے ہیں۔ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں فریقین باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے بات چیت کریں گے۔