عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کی جانب سے بین الاضلاعی سطح کے ہاکی ( لڑکے و لڑکیاں) اور انڈر 17 لڑکیوں کے فٹ بال مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے۔ یہ مقابلے محکمہ کے سالانہ اسپورٹس ایکٹیویٹی کیلنڈر 2025-26 کے تحت منعقد ہوئے۔ہاکی کے مقابلے ہاکی ایسٹرو ٹرف گراؤنڈ میں جبکہ فٹ بال کے میچز اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں کھیلے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفی ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مقابلوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی طاہر مصطفی ملک نے نوجوان کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’منشیات کو نہ کہیں، کھیلوں کو ہاں‘۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، محنت اور ٹیم ورک کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی اس کاوش کو سراہا کہ وہ ضلع بھر میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر رہا ہے۔یہ مقابلے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر انورادھا گپتا کی قیادت، اور جوائنٹ ڈائریکٹر جموں وِناکشی کول کی رہنمائی میں منعقد کئے گئے، جبکہ پورے ایونٹ کی نگرانی ضلعی افسر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس محمد قاسم نے انجام دی۔ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ہاکی اور فٹ بال دونوں مقابلوں کے لئے ایک خصوصی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے شفاف اور منصفانہ عمل کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا تاکہ وہ آئندہ مرحلے کے مقابلوں میں ضلع کی نمائندگی کر سکیں۔اختتامی موقع پر محکمہ کے افسران، کوچز اور کھلاڑیوں نے کھیلوں کے فروغ میں انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں سے جوڑنے کے لئے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔