عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بینک نے اس ہفتے بارہمولہ اور راجوری میں اپنے زونل دفاتر میں جموں و کشمیر حکومت کے مشن یووا پروگرام کے تحت خواہشمند کاروباری افراد کی مدد کے لیے ’لاگ ان ڈے ‘کے کامیاب پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات نے مالی امداد تک رسائی اور خود روزگار کے مواقع کو فروغ دے کر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بینک کے عزم کو اجاگر کیا۔بارہمولہ میں اس تقریب کی صدارت جنرل منیجر شبیر احمد نے کی جس میں ڈی جی ایم اور زونل ہیڈ (بارہمولہ)تنویر احمد نجار، کلسٹر ہیڈ (سوپور)محبوب الٰہی خان، کلسٹر ہیڈ (کپوارہ) عبدالمجید بٹ، کلسٹر ہیڈ(بانڈی پورہ)شیخ محمد مظفر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔سیشن کے دوران 35 منظوری خطوط باضابطہ طور پر استفادہ کنندگان کو ان کے کاروباری منصوبوں کی حمایت کے حوالے کیے گئے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر شبیر احمد نے نوجوانوں کی قیادت میں کاروبار کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے روزگار کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشن یووا اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا’’جے اینڈ کے بینک کو بارہمولہ کے نوجوانوں کے ساتھ ان کے انٹرپرینیورشپ کے سفر میں کھڑے ہونے پر فخر ہے۔ مشن یووا کے ذریعے، ہم نہ صرف قرض فراہم کر رہے ہیں بلکہ نوجوان خواب دیکھنے والوں کو اپنا کاروبار بنانے اور دوسروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔ ہماری مسلسل حمایت اور رہنمائی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ وہ اپنی خواہشات کو کامیاب منصوبوں میں بدلیں، خطے کی ترقی اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں‘‘۔دریں اثنا، راجوری میں، بینک نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ ملکر ڈاک بنگلہ میں ادمی یووا ڈے کا اہتمام کیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC)چندر پرکاش مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر بینک کے جنرل منیجر محمد مظفر وانی کے ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ محمد نواز، بینک کے زونل ہیڈ (راجوری)راجیو کمار ڈگرا، کلسٹر ہیڈ دیپک شرما، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر رویندر سنگھ اور ضلع بھر کے برانچ ہیڈز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مستفیدین کو 30منظوری لیٹر حوالے کئے گئے۔