عظمیٰ نیوز سروس
صنعا // یمن میں ایک افسوس ناک حادثے میں کشتی ڈوبنے سے 68 افریقی تارکین وطن ہلاک ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ یمن کے ساحل پر ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 68 افریقی مہاجرین اور تارکین وطن ہلاک اور 74 لاپتا ہو گئے ہیں۔یمن میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے سربراہ عبدالستور ایسویف نے اتوار کے روز خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ کشتی، جس میں 154 ایتھوپیائی باشندے سوار تھے ، یمن کے صوبے ابیان کے قریب الٹ گئی۔انھوں نے بتایا کہ بحری جہاز غرق ہونے کے واقعے میں 12 افراد زندہ بچ گئے ہیں، جنھیں بچا لیا گیا ہے ، 54 مہاجرین اور تارکین وطن کی لاشیں ضلع خانفر میں ساحل پر بہہ کر آ گئی تھیں، اور 14 دیگر کی لاشیں مختلف جگہوں پر مردہ پائی گئیں، جنھیں اسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا۔ ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے ۔زنجبار میں ہیلتھ آفس کے ڈائریکٹر عبدالقادر باجمل نے کہا کہ حکام متاثرین کو شقرہ شہر کے قریب دفنانے کے انتظامات کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یمن اور ہارن آف افریقہ کے درمیان آبی گزرگاہیں دونوں سمتوں میں سفر کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کے لیے ایک عام لیکن خطرناک راستہ ہیں، اس علاقے میں 2014 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد ملک سے فرار ہونے والے یمنیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔