جموں//سرکار کی جانب سے یقین دہانی کے بعدجموں کشمیر ہینڈی کپیڈ ایسوی ایشن نے جموں میں اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے ۔ اسی دوران ایک مرتبہ پھر انہوں نے راج بھون کی جانب جانے کی کوشش کی تھی تاہم اس کو ناکام بنا دیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق جسمانی طور نا خیز افراد کی انجمن جموں کشمیر ہینڈی کپیڈ ایسوسی ایشن نے مطالبات منوانے کیلئے جموں میںبھوک ہڑتال شروع کر دی تھی جو سات روز بعد انہوں نے ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سوموار کے روز بھوک ہڑتال پر بیٹھے افراد نے جموں میں راج بھون کی جانب پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تھی ،تاہم اس کو ناکام بنا دیا گیا جس کے بعد محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ آفیسران بھوک ہڑتال پر بیٹھے جسمانی طور نا خیز افراد کے ساتھ ملاقی ہوئے اور ان کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات و مسائل کو حل کیا جائے گا جس کے بعد انہوں نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ۔ جموں سے جسمانی طور ناخیز افراد کی انجمن ہینڈ ی کپیڈ ایسوسی ایشن کے صدر عبد الرشید بٹ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ کے آفیسرا ن نے ان کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے جو بھی مسائل و مطالبات ہیں ان پر غور کرکے ان کو حل کیا جائے گا جس کے بعد انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد ہم نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آج یعنی منگل کو انتظامیہ نے ہمارے ساتھ سیول سیکرٹریٹ جموں میں ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے جس میںہمارے مسائل و مطالبات پر غور کیا جائے گا اور ہمیںاُمید ہے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ فی الحال انتظامیہ کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کے بعد ہم نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور آج ہونے والی اہم میٹنگ میں کیا کچھ سامنے آتا ہے اس کے بعد ہی آگے کا لائحہ عمل مرتب دیا جائے گا ۔