سرینگر//کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر وید کی اس معذرت کو قبول کیا ہے ،جس میں انہوں نے گذشتہ ہفتے نیوز فوٹو گرافروں کیساتھ پولیس کے ایک آفیسر کی جانب سے زور زبردستی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس معاملے کی تحقیقات کرکے کارروائی کرے گی۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کے صدر فیاض احمد کلو سے بات کی اور پولیس کارروائی پر معذرت کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر وید نے اس بات کا وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہیں ہونگے۔ کشمیر ایڈیٹرس گلیڈ نے اس بات کی امید ظاہر کی ہے کہ پولیس اس کیس کی تحقیقات باریک بینی سے کر کے کارروائی عمل میں لائے گی۔کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر قوی یقین ہے کہ پریس کا ایک رول اور ذمہ داری ہے،جس کو وہ پیشہ وارانہ طریقے سے انجام دے رہا ہے۔کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ لوگوں کی ایک کم و قلیل تعداد ہے جو نہ صرف مشکل اوقات میں قابل پہچان ہیں بلکہ انکی اطلاعات عموماً بھی پہلے ہی حاصل کی جاتی ہے۔