گاندربل//ارشاد احمد//منی سیکریٹریٹ گاندربل میں بورڈ میٹنگ کے دوران اُس وقت حالات خراب ہوگئے جب حلقہ انتخاب کنگن میں موجود ٹراما ہسپتال کے ساتھ ساتھ گوٹلی باغ پرائمری ہیلتھ سنٹر،گنہ ون ہیلتھ سنٹر میں ڈاکٹروں کی کمی اور بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے پر ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے اس جانب توجہ مبذول کی۔انہوں نے کہا کہ’’ٹراما ہسپتال کنگن میں 40 ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے نئی زیر تعمیر عمارت کیلئے رقومات واگزار کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود کام نہیں شروع نہیں کیا جارہا ہے‘‘۔ میاں الطاف نے مزید کہا ’’ اس سے قبل بھی میں نے کنگن میں موجود ٹراما ہسپتال اور دیگر ہیلتھ سنٹروں کی جانب توجہ دلائی تھی تب مجھے یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے نہ ہی ٹراما ہسپتال کا عملہ واپس لایا جاسکا اور نہ ہی دیگر معاملات کی جانب توجہ دی گئی‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن نہیں تو بورڈ میٹنگ منعقد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔اس موقع پر نعیم اختر نے مداخلت کرکے انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی لیکن میاں الطاف احمد مطمئن نہیں ہوسکے اور احتجاجاً بورڈ میٹنگ سے واک آوٹ کرگئے۔