اسلام آباد(اننت ناگ) //یاور خان عرف الغازی غالباً عسکری تحریک میں جنگجوئوں کے صفوں میں زندگی گزارنے والا پہلا نوجوان ہے،جو صرف 10دنوں تک عسکریت سے وابستہ رہا۔رشتہ داروں کے مطابق یاور نثار نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی تھی اور اس کی عمر 23سال تھی۔ مذکورہ نوجوان کو سنگ بازی کے الزام میں 7 بار گرفتار کیا گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتاری کے چکر سے تنگ آکر اس نے 18جولائی2017 کو حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کر لی ۔مذکورہ نوجوان کا باپ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری میں اسٹور کیپر ہے ہ2 چھوٹی بہنیں اور2چھوٹے بھائی بھی ہیں ۔یاور خان کی نماز جنازہ2مرتبہ پڑھائی گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق یاور ایک شریف النفس نوجوان تھا،جبکہ انکے پڑوسیوں کی آنکھیں نم تھی۔یاور کے دوستوں کے مطابق وہ ہمہ وقت لوگوں کی مدد کیلئے تیار رہتا تھا۔
دو بھائیوں کی ایک جیسی کہانی
ملک عبدالسلام
اسلام آباد(اننت ناگ) //فوج کی گولی کا نشانہ بنے شہری غلام محی الدین اور اسکے بھائی کی ایک جیسی دردناک کہانی ہے۔ مذکورہ شخص کا ایک بھائی فاروق احمد بٹ 20قبل فوج کی گولی لگنے سے اسی طرح ہلاک ہو گیا تھا جبکہ وہ بھی ایک عام شہری تھا۔غلام محی الدین مزدوری کرتا تھا اور اپنے مرحوم باپ کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق غلام محی الدین کی2 شریک حیات ہیں،جو بیرون ریاستوں سے تعلق رکھتی ہیں، اور کل ملا کر اس کے پانچ بچے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ غلام محی الدین انتہائی غریب ہونے کی وجہ سے کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہا تھا ۔وہ ایک مقامی اینٹ بٹھ میں مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ غلام محی الدین مٹن میںاینٹوں کے بٹھہ پر کام کرنے کیلئے نکل رہا تھا،جس دوران اس کو جاں بحق کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے غلام محی الدین کو اس وقت نشانہ بنایاجب وہ اپنے موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ فورسز نے اس کو شائد جنگجو سمجھ کر گولیوں سے بھون ڈالا۔