سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے لبریشن فرنٹ رہنما محمد یاسین ملک کو جیل منتقل کرنے اور میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین،ایاز اکبراور محمد اشرف لایا کو خانہ نظربند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مقابلے سے پہلے ہی ہار تسلیم کرلی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق گیلانی نے کہاکہ آزادی پسند قائدین کو پابند سلاسل بنانا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ضمنی انتخابات ماضی کی طرح ایک فوجی آپریشن ہوں گے اور ان کی کوئی اعتباریت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم کو بندرکھنا، دوسرے کو کھلا چھوڑنا اور پھر اس کی جیت کا اعلان کرنا مضحکہ خیز ہے اور کسی حقیقی جمہوری عمل میں ایسا کہیں بھی نہیں ہوتا ہے۔