سرینگر//ہمارے نونہالوں کے لہو سے ہولی کھیلنے کا مکروہ و مذموم عمل جاری رکھتے ہوئے ‘ماہ رمضان کے مقدس مہینے کو ہمارے لئے ماتم اور غم و اندوہ کا مہینہ بنا دیا گیا۔ان باتوں کا اظہار لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کل صدر ہسپتال سرینگر میں زیر علاج کئی زخمیوں اور ا ن کے تیمارداروں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ یاسین ملک، بشیر احمد کشمیری کے ہمراہ صدر ہسپتال پہنچے جہاں پلوامہ ، بارہمولہ اور دوسرے مقامات سے لائے گئے کئی پیلٹ و بلٹ متاثرین لائے گئے ہیں اور جن کا علاج اس ہسپتال میں ہورہا ہے۔ملک ان زخمیوں ،ان کے تیمارداروں اور ان کی نگہداشت پر مامور ڈاکٹر صاحبان سے ملے اور ان سے ان کے علاج معالجے اور زخموں کی نوعیت و علاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقع پر ملک نے کہا کہ لگاتار لہو بہانے اور ظلم و جبر کی اس نئی لہر نے ایک بار پھر نہ صرف بھارتی حکمرانوں اور انکے کشمیری گماشتوں کی کشمیر و مسلم دشمنی کو اجاگر کیا ہے بلکہ ان کی فسطائی سوچ کو بھی اظہر من الشمس کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے اندر جس بے ہنگم انداز میں قتل و غارت کے اس سلسلے کو تیز تر کیا گیا ہے اور جس طرح سے ظلم و جبر کے واقعات میں اضافہ کیا گیا ہے وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ فسطائیت اور انانیت سے لبریز بھارت کے حکمران اور انکے کشمیری گماشتے کشمیری مسلمانوں سے کس قدر بیر اور ضد رکھتے ہیں ۔ حالیہ شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ملک نے آج دن بھر میں زخمی ہوجانے والوں کی فوری صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔علاوہ ازیں لبریشن فرنٹ کا ایک وفد جس میں محمد رجب،طارق احمد اور نثار احمد شامل تھے ،نے پلوامہ میں جاں بحق ہوئے سبھی شہداء کے گھر جاکر ان کے نماز جنازہ میں شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل و جزیل کی دعائیں کیں۔