سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک ،زونل صدر نور محمد کلوال اور کئی دوسرے افراد ہنوز پولیس کی حراست میں ہیں۔ فرنٹ چیئرمین کو 5 مئی 2018 کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ نور محمد کلوال قریب 40دنوں سے پولیس حراست میں ہیں۔ اس کے علاوہ لبریشن فرنٹ ضلع صدر گاندربل بشیر احمد راتھر(بویا) ،مشتاق احمد وانی کورگ اور اسداللہ شاہ بھی6 مئی سے زیر حراست ہیں۔ علاوہ ازیں فرنٹ کے نائب آرگنائزر سراج الدین میروضلع صدر بارہمولہ عبدالرشید مغلو بھی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل میں مقید ہیں نیز فرنٹ کے سینئر نذیر احمد شیخ بھی اسی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ لبریشن فرنٹ نے تحریک آزادی کے ایک عظیم شہید عمر مختار خان اور شہید بشیر احمد المعروف مولوی عمران کو انکی برسیوں کے دن کی مناسبت سے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ درایں اثناء فرنٹ نے شہید بشیر احمد بوگامی کے برادر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ کے اشرف بن سلام، مولوی عبدالرشید، محمد رمضان اور ٹیکا خان نے بوگام جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔