سرینگر// لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی مسلسل نظربندی اور بار بار گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف پچھلے ایک برس کے عرصے میں ملک کو 20 مرتبہ گرفتار کیا گیا اور قریب180 روز تک حراست میں رکھا گیا ۔ زونل صدر نے لبریشن فرنٹ کے ایک اور سینئر رکن مشتاق احمد ساکن کورگ گاندربل کی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گرفتار کرنا ،انہیں تھانوں پر طلب کرنا اور ان کے گھروں پر شبانہ چھاپے ڈال کر ان کے اہل و عیال کو پریشان کرنا پولیس کا محبوب ترین مشغلہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور امن و امان کے نام پر جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے آواز خلق کو دبائے رکھنے کےلئے جہاں کرفیو سیاست گری، انٹرنیٹ اور فون سروس کی بندشوں اور دوسرے حربوںکااستعمال جاری رکھا ہوا ہے وہیں پر قائدین کو گرفتار کرنے یا خانہ نظر بند کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ قائد سید علی شاہ گیلانی جہاں عرصہ دراز سے خانہ نظر بند ہیں وہیں پر آئے روز میرواعظ محمد عمرفاروق کو بھی نظر بند کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی غالب اکثریت آزادی پسند ہے اور فوجی انخلاءتک جدوجہد آزادی جاری و ساری رہے گی۔