جموں//قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے آخری دن سوموار کو چار اُمید واروں کو کونسل کے لئے بلا مقابلہ کا میاب قرار دیا گیا۔ قانون ساز اسمبلی کے سیکریٹری ،جن کو کونسل انتخابات کا ریٹریننگ افسر نامزد کیا گیا تھا، نے باضابطہ طور پر اعلان کیا۔یاسر ریشی ، جی ایل رینہ ، آغا سید محمود اور پردیپ شرما کو بلا مقابلہ کا میاب قرار دیا گیا کیونکہ ان کے مقابلے میں کوئی اُمید وار نہیں تھا۔پردیپ شرما ( بی جے پی ) نے پونچھ کی نشست پر کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل کانفرنس کے آغا سید محمود ، بی جے پی کے جی ایل رینہ اور پی ڈی پی کے یاسر ریشی کو کشمیر سے کامیاب قرار دیا گیا۔اس سے قبل اشوک کمار بھٹ نے بھی کشمیر سے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے، تاہم بعد میں اُنہوں نے اپنی نامزدگی واپس لی اور تین نشستوں کے لئے تین اُمید وار میدا ن میں رہ گئے۔ان اُمید واروں کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دئیے ہوئے محمد رمضان ( ریٹریننگ آفیسر) نے اُن کو ایوان بالا کی رکنیت کی سند عطا کی۔اس موقعہ پر قانون ساز چودھری سکھ نند ن کمار ، راجیو جسروٹیہ اور سریندر امبار دار کے علاوہ اُمید وار وں کے حمایتی بھی موجود تھے۔