سرینگر//یاری پورہ کولگام میں بنک ڈکیتی کی ایک سنسنی خیز واردات کے دوران نقاب پوش مسلح افراد نے علاقائی دیہاتی بنک سے بندوق کی نوک پرقریب66ہزارروپے کی رقم لوٹ لی۔ کولگام سے ملی اطلاع کے مطابق ضلع کے کاڈریاری پورہ علاقے میں منگل کی دوپہر اُس وقت اتھل پتھل مچ گئی جب دو اسلحہ بردار اچانک نمودار ہوئے اور علاقائی دیہاتی بنک کی مقامی شاخ میں زبردستی داخل ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق چہروں پر نقاب اوڑھے مسلح افراد کے پاس پستول تھے۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بنک میں حفاظتی اہلکار موجود تھے یا نہیںاور آیاانہوں نے کسی قسم کی مزاحمت کی؟پولیس کا کہنا ہے کہ نقاب پوش حملہ آوروں نے بنک عملے اور وہاںموجود کچھ گاہکوں کو پستول کی نوک پر یرغمال بنایااورکچھ لاکروںکی توڑ پھوڑ کرنے کے بعد بنک میں موجود رقم اڑالینے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ یہ واردات دوپہر 12 بجے انجام دی گئی جس دوران مسلح لٹیرے بنک سے65850روپے کی رقم اڑا لے گئے۔عینی شاہدین کے مطابق مسلح نقاب پوش واردات انجام دینے کے فوراً بعدفرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور فوج سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد علاقے میں نمودار ہوئی اور آس پاس کے علاقوں کو محاصرے میں لیکر بنک لٹیروں کی تلاش شروع کردی۔فوری طور پر اگر چہ بنک لوٹنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم پولیس کاکہنا ہے کہ یہ واردات علاقے میں سرگرم جنگجوﺅں نے انجام دی ہے۔واردات کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہے۔