سلام
روشن ہے دو جہاں میں مقدر حسینؑ کا
ناناؐ عظیم تر ہے پیمبر حسینؑ کا
بخشی علیؑ کے لال نے سجدوں کو آبرو
مسجد حسینؑ کی ہے، یہ منبر حسینؑ کا
ظالم کا ہے فرات پہ قبضہ تو کیا ہوا
تسنیم ہے حسینؑ کی، کوثر حسینؑ کا
کٹ تو گیا ہے دشت میں خنجرتلے ، مگر
باطل کے سامنے نہ جھکا سر حسینؑ کا
نامِ یزید مٹ گیا ،لیکن جہان میں
جاری ہے ذکر آج بھی گھر گھر حسینؑ کا
آتی صدا ہے آج بھی کربل سے مومنو!
سب کچھ ہوا ہے حق پہ نچھاور حسینؑ کا
دیکھا ہے کس نے دہر میں عباسؑ سا جری
تنہا وہ ایک لاکھ تھا لشکر حسینؑ کا
کچھ غم نہیں ہے گرمیٔ محشر کا قلب میں
دامن ہے مثلِ ابر میسر حسینؑ کا
شادابؔ! مجھ کو ناز ہے اپنے نصیب پر
ادنیٰ سا ہوں جہان میں نوکر حسینؑ کا
شفیع شادابؔ
پازلپورہ شالیمارسرینگر کشمیر
موبائل نمبر؛9797103435
سلام
فرما دیا نبیؐ نے وہ انساں مِرا نہیں
جس کو بھی عشقِ ابن علی مرتضٰی نہیں
نانا کسی کے مصطفٰے صلّے علیٰ نہیں
کوئی بھی تو حسین کے ہم مرتبہ نہیں
جتنے حسین پاک دلارے نبی کے ہیں
اتنا کوئی حبیبِ شہِ انبیاءؑ نہیں
تو اور تیری نسل فنا ہوگئی یزید
میرا حسین آج بھی لیکن مٹا نہیں
دنیا کی عظمتیں ہوں یا محشر کی ہو نجات
ہم کو حسین پاک سے کیا کچھ ملا نہیں
جز پیرویء نقشِ کفِ پائے اہلِ بیت
خلدِ بریں کا اور کوئی راستہ نہیں
شاید یہ جانتے نہیں باغی حسین کے
جن کے نہیں یہ ان کے نبی و خدا نہیں
اس کے لئے مٹا دیا خود کو حسین نے
ایسے ہی دین کا یہ اجالا ملا نہیں
جب تک نہ اُترے پشتِ سے خود ہی حسینِ پاک
سجدے سے سر حضور کا تب تک اٹھا نہیں
میں مدح خوانِ آلِ پیمبرؐ ہوں اے ذکی
ڈر مجھ کو کوئی حشر کے میدان کا نہیں
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج، بارہ بنکی، یوپی، انڈیا
ہمارے حسینؑ
نبیؐ کے نواسے علیؑ کے دلارے ہمارے حسینؑ
فاطمہ زہراؑ کے آنکھوں کے تارے ہمار حسینؑ
امام حسنؑ کے وہ چھوٹے بردار ہمارے حسینؑ
عرشِ بریں کے چمکتے ستارے ہمارے حسینؑ
محشر میں آکر شفاعت کریں گے ہمارے حسینؑ
بشر بن کے رب نے فلک سے اُتارے ہمارے حسینؑ
گھر میں علیؑ کے مدینے میں آئے ہمارے حسینؑ
دینِ نبیؐ کو بچانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
کرب و بلا کو بسانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
شمعِ ہدایت جلانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
محشر میں آکر شفاعت کریں گے ہمارے حسینؑ
بشر بن کے رب نے فلک سے اُتارے ہمارے حسینؑ
عرشِ بریں پہ خدا کے ہیں پیارے ہمارے حسینؑ
فرشتے بھی سارے اَدب سے پکاریں ہمارے حسینؑ
مدینے کی گلیوں میں عرش کے تارے ہمارے حسینؑ
آدمؑ، حواؑ اور عیسیٰ ؑ پکارے ہمارے حسینؑ
محشر میں آکر شفاعت کریں گے ہمارے حسینؑ
بشر بن کے رب نے فلک سے اُتارے ہمارے حسینؑ
نانا ؐکی اُمت بچانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
سجدے میں سر کو کٹانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
خدا کی حقیقت بتانے ہیں آئے ہمارے حسینؑ
یہ سارا زمانہ دِل سے پکارے ہمارے حسینؑ
محشر میں آکر شفاعت کریں گے ہمارے حسینؑ
بشر بن کے رب نے فلک سے اُتارے ہمارے حسینؑ
حکم مظفر حسین مظفرؔ
باغبانپورہ لعل بازار سرینگر،موبائل نمبر؛9622171322
شاہ حسین ؑ
حسین ؑ۔۔۔۔۔
نبیؐ کا پیارا
علی کا تارا
فاطمہ کا لعل
فرشتوں کا راج دھلارا۔۔۔حسین ؑ
مرد مومن
مردِ آہن
مردِ شجاعت
مردِ اخوّت و محبت
کیا سیراب صحرا کو
لٹائی حق پہ اپنی جان
کٹایا سر نہ چھوڑی آن
یہی ہے مومنوں کی شان
پھونکی روح
پرچم سحر میں
کیا نام اونچا
حق و یقیں کا
دینِ مبین کا
حسینؑ با خدا ہے
شہہِ کربلا
شہہِ کربلا۔۔۔۔۔۔۔۔!
مشتاق مہدی
مدینہ کالونی۔ ملہ باغ حضرت بل سرینگر
موبائل نمبر؛9419072053
ذات حسینؓ
چار جانب چل رہی ہے آج بات حسینؓ کی
کربلا کا دن تھا یا تھی بارات حسینؓ کی
تاقیامت رہیں گے چرچے کریں گے یاد حسینؓ کی
اسلام کو زندہ رکھا ، یہ ہے سوغات حسینؓ کی
کٹا دیا تھا سر مگر جُھکے نہ کسی کے سامنے
یہ جرأتِ بہادری اور اوقات حسینؓ کی
چل پڑے خوشی سے ہونے شہد اللہ کی راہ میں
اور بیتی ذکرِ الٰہی میں آخری رات حسینؓ کی
پیاس کی شدت اور مناظر ہائے کربلا
زندہ چل رہی ہے آج بھی حیات حسینؓ کی
چل پڑے خوشی سے وہ بچانے ناناؐ کا دین
ناناؐ بھی تو بہت تھی پیاری ذات حسینؓ کی
خطبے دیئے تھے زینبؓ نے بھی اسلام کو پھیلایا
مٹتی کہاں سحرؔ ایسی کائینات حسینؓ کی
ثمینہ سحرؔ مرزا
راجوری، جموں
موبائل نمبر؛7006396639