سرینگر // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ کے بٹینگوعلاقے میں ہونے والے حملے کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔ اس حملے میں 7 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ کم از کم ڈیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ محبوبہ مفتی نے گذشتہ رات اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’اس واقعہ سے ہم سب کشمیریوں کے سر جھک گئے ہیں۔ یہ لوگ تمام مشکلوں کے باوجود یہاں یاتری کے لئے آتے ہیں۔ آج سات لوگ اس میں جاں بحق ہوگئے۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس سے بڑا سانحہ کوئی ہو نہیں سکتا‘۔ انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’میرے پاس اس حملے کی مذمت کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ جو بھی اس میں ملوث ہیں، انہوں نے آج مسلمانوں اور کشمیریوں کے نام پر ایک بڑا دھبہ لگادیا۔ میں امید کرتی ہوں کہ جو کوئی لوگ اس میں ملوث ہوں گے کو فوری طور پر پکڑ کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے‘۔وزیراعلی نے کہا کہ حملے میں 7 یاتری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’اس حملے میں سات یاتری جاں ہوئے ہیں جن میں خواتین کی تعداد6 ہے۔ ان کی گاڑی خراب ہوئی تھی جس کی وجہ سے ان کو جموں کے لئے روانہ ہونے میں تاخیر ہوئی تھی‘۔ یو این آئی