اننت ناگ//خراب موسم کے بیچ بھم بھم بھولے کے نعرے لگاتے ہوئے پہلگام اور بال تل سے ہزاروں کی تعداد میں بابا برفانی کے بھگت امرناتھ گھپاکے لئے روانہ ہو گئے ۔ اس بیچ پہلگام اور بال تل میں کڑے سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔پہلے قافلے کو صبح قریب پانچ بجے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کر دیا۔ بال تل میں پتھر گر آنے کی وجہ سے ایک یاتری ہلاک ہو گیا وہیں گھپا کے نزدیک آئی ٹی بی پی کا ایک افسر دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا۔ ادھر بال تل سے گھپا کی طرف یاتریوں کے پہلا قافلہ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ۔دومیل سے 6387 یاتریوں پر مشتمل یہ قافلہ شیولنگم کی درشن کیلئے گھپا کی طرف روانہ ہوئے ۔دریں اثناء کٹھوعہ جموں میں یاتریوں کو لیجانے والی ایک ویڈیو کوچ بس کو حادثہ پیش آیاجس میں 12یاتریوں کے زخمی ہوئے۔
گورنر نے گپھا پر حاضری دی
سرینگر//گورنر این این ووہرا ،جو کہ امر ناتھ شرائین بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں ،نے گپھا پر حاضری دے کر پرتھم پوجا میں شرکت کی ۔ انہوں نے ریاست میں پائیدار امن ، بھائی چارے ، ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی ۔ پوتر گپھا پر علی الصبح حاضری دینے کے بعد گورنر نے یاترا شرائین کیمپ میں یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا اور ریاستی حکومت ، فوج ، سنٹرل آرمڈ پولیس فورس ، ریاستی پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو اُن کی مدد اور تعاون کیلئے شرائین بورڈ کی طرف سے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کیمپ ڈائریکٹروں کو موثر و ہمہ وقت نگرانی پر زور دیتے ہوئے یاترا کے انتظام میں شریک تمام عملے کو یاترا کو بحسن ِ خوبی انجام تک پہنچانے کیلئے تندہی سے کام کرنے کیلئے کہا ۔