سرینگر//جموں کشمیر پولیس نے اننت ناگ میں فائرنگ کے دوران امرناتھ یاتریوں کی ہلاکت کی تحقیقات عمل میں لانے کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیم(SIT) تشکیل دی ہے جس کی قیادت جنوبی کشمیر کے ڈی آئی جی ایس پی پانی کو سونپ دی گئی ہے۔ اننت ناگ کے بوٹینگو علاقے میں پیر10جولائی کی شب8بجکر20منٹ پر جنگجوئوں نے ایک پولیس پارٹی پر حملہ کیا جس دوران بالہ تل سے جموں کی طرف جارہی غیر ریاستی سیاحوں سے بھری ایک بس کراس فائرنگ کی زد میں آگئی۔اس واقعہ میں بس میں سوار6خواتین سمیت 7افراد ہلاک اور19دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سیاح بغیر رجسٹریشن کے امرناتھ یاترا انجام دینے کے بعد اُس وقت واپس لوٹ رہے تھے جب سرینگر جموں شاہراہ پر یاتریوں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔پولیس نے اس حملے کا الزام لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم پر عائد کیا ہے جبکہ لشکر نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔واضح رہے کہ لشکر کے ساتھ ساتھ متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ کی چھان بین کیلئے جموں کشمیر پولیس نے خصوصی تفتیشی ٹیم یعنیSITتشکیل دی ہے تاکہ واقعہ کی گہرائی کے ساتھ تحقیقات عمل میں لاکر حقائق کو منظر عام پر لایا جائے۔