سانبہ
جموں//اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پرہوئے دہشت گردانہ حملے کے خلاف لوگوں کا غصہ تھمنے کانام نہیں لے رہاہے ۔اس ضمن میں ضلع سانبہ میںتاجروں کی اپیل پر دکانداروں نے دوپہر12بجے تک دکانیں بند رکھ کرزوردارمظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے قصور واراں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران لوگوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر قصورواروں کو پھانسی پرنہ لٹکایا گیا تو احتجاج میں شدت لائی جائے گی۔
کٹھوعہ
اس دوران ضلع کٹھوعہ میں بھی اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پردہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوئے یاتریوں کی ہلاکت کے خلاف مکمل طورپر بند رکھاگیا۔اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ لوگوں نے سڑکوں پر اتر کر زور دار مظاہرہ کرتے ہوئے اس حملہکو حفاظت میں غفلت قراردیا۔
آرایس پورہ
ادھر امرناتھ یاتریوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے خلاف آر۔ایس۔پورہ میں بھی سنت دنیش بھارتی کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جس میںبھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے اپنے غصے کااظہارکیا۔اس موقعہ پر سنت دنیش بھارتی نے کہاکہ سرکار یاتریوں کی حفاظت یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔دنیش بھارتی نے انسانی ڈھال معاملے میں ایک نوجوان کو معاوضہ دینے کے فیصلے پر ریاستی انسانی حُقوق کمیشن کے فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے اس حُکم نامے کو علیحدگی پسندوں اور دہشت گردوں کو خوش کرنے کی کوشش قراردیااور اس کے خلاف آوازبلندکرنے کافیصلہ کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دنیش بھارتی نے کہاکہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے اس حُکمنامے کی وجہ سے حفاظتی دستوں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے جودہشت گردوں کے خلاف آوازبلندکرتے ہیں۔
پرانی منڈی مندر
اننت ناگ میں دوروزقبل دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے امرناتھ یاتریوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کاسلسلہ جاری ہے ۔اسی کڑی کے تحت پرانی مندی مندرمیں ایک تعزیتی مجلس منعقدہوئی جس میں مارے گئے یاتریوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کی روح کی تسکین کےلئے دومنٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔