جموں//مسلم ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدرشبیراحمدشاہ نے یاتریوں پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے حملے انسانیت کے منافی اقدام ہیں ۔یہاں تالاب کھٹیکاں میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبیراحمدشاہ نے کہاکہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ طور پر تحقیقات کرائے جانے کی ضرورت ہے اور ایسے لوگوں کے حوصلے پست کئے جانے چاہئیں جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم ڈیولپمنٹ فرنٹ ہر ایسے واقعہ کی کڑی مذمت کرتی ہے اور چاہے یہ واقعات پڑوسی ملک میں ہوں ،ملک میں ہوں یاپھر دنیاکے کسی بھی کونے میں ۔ انہوںنے کہاکہ جو غلط ہے اسے غلط کہناچاہئے اور اننت ناگ میں یاتریوں پر حملہ بھی ایک غیر انسانی فعل ہے جس کے نتیجہ میں سات یاتریوں کی جان چلی گئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ۔ شبیرشاہ نے ریاست کے تمام لوگوںسے اپیل کی کہ وہ اس مرحلے پر بھائی چارے کا دامن تھامے رکھیں اور شر پسند عناصر کی چالوں میں نہ آئیں جن کا مقصد کا ہی امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچاناہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ جموں کے ذی شعور افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن و بھائی چارے کو قائم و دائم رکھیں جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے ۔اس دوران پریس کانفرنس میںنواب دین ملک ایڈوائزر ، محمدامین بٹ جنرل سیکریٹری، دین محمدصابونیہ، محمدرشید پال ،محمدحسین لون،غلام رسول ماگرے، جوگندرسنگھ ، رنجیت سنگھ رینہ، سردار ہراسیس سنگھ ، گرمیت سنگھ ، ایڈوکیٹ اوم راج گورکھا، اوپی ٹھاکر، یوسف ملک ودیگران بھی موجودتھے۔