سرینگر// پولیس کے صوبائی سربراہ منیراحمدخان نے واضح کیاکہ امرناتھ یاتراکے حوالے سے کوئی سیکورٹی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ہے،اورنہ یاتراکے دوران لاحق کسی خطرے کااندیشہ ظاہرکیاگیاہے ۔ آئی جی پی کشمیرنے کہاکہ سالانہ امرناتھ یاتراکے حوالے سے حکومتی ،انتظامی یامحکمانہ سطح پرکوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ واٹس اَپ کے ذریعے جوکچھ باتیں پھیلائی گئیں ،اُنکاکسی ایڈوائزری کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اسبات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ کس نے اورکیسے یہ بے بنیادایڈوائزری کومنظرعام پرلایا ۔پولیس کے صوبائی سربراہ کاکہناتھاکہ ریاستی پولیس نے دیگرسیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ مل کرسالانہ امرناتھ یاتراکیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہرسال جب بھی امرناتھ یاتراکاوقت نزدیک آتاہے تومختلف خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں ،اورپھران سارے اطلاعات کوملحوظ نظررکھ کرسیکورٹی بندوبست کوحتمی شکل دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امسال بھی کچھ خفیہ اطلاعات ملیں اورہم نے سوچ وچارکے بعدسالانہ امرناتھ یاتراکیلئے پختہ سیکورٹی انتظامات کئے ۔آئی جی پی نے کہاکہ میں نے خودپہلگام اوربال تل جاکریاتراکیلئے کئے گئے سیکورٹی اوردیگرانتظامات کاجائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ یاتراکے پُرامن اورتسلی بخش انعقاد کویقینی بنانے کیلئے کئے گئے انتظامات کاوقتاًفوقتاًجائزہ لیاجاتاہے ۔اس دوران منیراحمدخان نے کہاکہ نمازعیدکے حوالے سے کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی تھی بلکہ اس معاملے کوغلط اندازمیں پیش کیاگیا۔