عظمیٰ نیوز سروس
جموں// سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان 5,200 سے زیادہ یاتریوں کی دوسری کھیپ جمعرات کو جموں بیس کیمپ سے امر ناتھ گھپا کے لیے روانہ ہوئی۔ 38 روزہ یاترا جمعرات کو جڑواں راستوں کے ذریعے شروع ہوئی۔ضلع اننت ناگ میں روایتی 48 کلومیٹر طویل ننون پہلگام اور گاندربل ضلع میں 14 کلومیٹر بالتال راستے سے یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 168 گاڑیوں کے قافلے میں روانہ ہوئے جن کی حفاظت پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں نے کی ۔حکام نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی جموں بیس کیمپ سے گھپا کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی تعداد 11,138 تک پہنچ گئی ہے۔یاتریوں کی دوسری کھیپ میں 4,074 مرد، 786 خواتین اور 19 بچے شامل ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ یاتریوں کی کھیپ، جن میں مرد، خواتین اور سادھو شامل ہیں، دن کی پہلی روشنی میں پہلگام کے ننون بیس کیمپ اور سونمرگ کے بالتل بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔بدھ کو 5,892 یاتریوں کے پہلے کھیپ کو جموں کے بھگوتی نگر میں یاترا بیس کیمپ سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔سالانہ یاترا کے لیے بھگوتی نگر بیس کیمپ کے اندر اور اس کے آس پاس ایک کثیر سطحی سیکورٹی سیٹ اپ کو فعال کر دیا گیا ہے۔جموں بھر میں 34 رہائش کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، اور یاتریوں کو ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فکیشن (RFID) ٹیگ جاری کیے جا رہے ہیں۔یاترا پر جانے کا ارادہ رکھنے والے یاتریوں کی موقع پر ہی رجسٹریشن کے لیے بارہ کانٹر قائم کیے گئے ہیں۔اب تک 3.5 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے یاترا کے لیے خود کو آن لائن رجسٹر کرایا ہے۔