محمد تسکین
بانہال/ / امرناتھ یاترا کے پہلگام قافلے میں شامل ایک کار بدھ کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چینینی ضلع ادہم پور کے نرسو نالہ کے نزدیک سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔یہ حادثہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اُدھمپور کے نرسو نالہ کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق کار نمبر HR-40H/6485کو ہریانہ کے کرنال سے تعلق رکھنے والے ششی کانت ولد پریم چند چلا رہے تھے اور وہ سر میں چوٹ لگنے کیوجہ سے شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ کار میں سوار دیگر چار امرناتھ یاتری معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ نکلے ہیں ۔ڈیوائڈر سے کار کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں ڈرائیور اورچار دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمی افراد کی شناخت وکاس کمار، رمن کمبوج، سُمیت کمبوج اور دھونی کمار کے طور پر کی گئی ہے۔حادثے کے فوراً بعد پولیس نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے کیمونٹی ہیلتھ سینٹر چینینی منتقل کیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے تاہم ڈرائیور ششی کانت کو مزید اور بہتر علاج کیلئے جی ایم سی ادہم پور منتقل کیا گیا ۔