پہلگام+کنگن//وادی میں موسلا دھار بارشوں کے سبب امر ناتھ یاترا پر آئے کئی یاتری بغیر درشن کئے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں ۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کولکتہ سے تعلق رکھنے والے پوربی چکروتی نے بتایا کہ وہ لوگ گذشتہ دنوں سے بیس کیمپ میں رکے تھے اور لگاتار بارش کے سبب انتظامیہ نے گھپا تک جانے کی اجازت نہیں دی لہٰذا مسلسل بارشوں و گھر کی مصروفیات کے سبب وہ لوگ بغیر درشن کے واپس گھروں کو جارہے ہیں ۔ کشن کمار نامی یاتری ،جن کا تعلق کانپور سے ہے ،کا کہنا تھاکہ اُن کا گروپ 11افراد پر مشتمل ہے تاہم ناسازگار موسم کے سبب اب وہ لوگ بغیر درشن واپس لوٹ رہے ہیں۔ادھرموسلادھار بارشوں کی وجہ سے سنیچرکو دوسرے روز بھی یاترا معطل کردی گئی ۔ تاہم بعد دوپہر موسم میں آئی بہتری کیساتھ ہی نلہ گراٹھ سے پنجترنی تک ہوائی سروس شروع کردی گئی جو شام سات بجے تک جاری رہی ۔اس دوران سینکڑوں یاتریوں نے گپھا میں شیو لنگم کے درشن کئے ۔