کنگن /غلام نبی رینہ/ وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے یاترا جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں دونوں یاترا راستوں پہلگام اور بال تل پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کے پیش نظر یاترا کو احتیاطی طور پر معطل رکھا گیا ۔ جموں سے بھی یاتریوں کے آٹھویں قافلے کو وادی کشمیر کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اب تک قریب 61 ہزار یاتریوں نے شیولنگم کے درشن کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’بال تل اور پہلگام کے راستوں پر مسلسل بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گر آنے سے یاترا بدھ کے روز بھی معطل رہی۔ تا ہم دونوں روٹوں پر محدود ہیلی کاپٹر سروس چلائی گئی۔ بدھ کو 5919 یاتریوں نے پوتر گپھا پر حاضری دی۔مسلسل بارش اور یاترا راستوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے دونوں راستوں بال تل اور پہلگام پر یاترا بدستور معطل رکھی گئی ‘۔پولیس نے بتایا کہ نلہ گراٹھ سونہ مرگ سے دو گھنٹے تک ہوائی سروس شروع ہوئی تھی تاہم موسم ابرآلودہ ہونے کے ساتھ ہی ہوائی سروس کو بھی معطل کیا گیا ۔بال تل ، ننون ، شیش ناگ اور پنجترنی کیمپوں میں ناسازگار موسم کے چلتے کافی تعدادمیں یاتری جمع ہونے کے تناظر میںگورنر این این ووہرا جو شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے کل اُن کا جموں کا طے شدہ دورہ رد کرتے ہوئے بنیادوں کیمپوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔