’ہیٹ سٹروک ‘کا علاج | دہلی میں ملک کا پہلامرکزقائم

یو این آئی

نئی دہلی// دہلی کے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال میں بدھ کو ملک کا پہلا ہیٹ اسٹروک علاج مرکز کھولا گیا، جس میں ہیٹ اسٹروک سے متعلق بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔اس جدید ترین علاج کے سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے انڈر سکریٹری رولی سنگھ نے کہا کہ یہ گرمی سے متعلق بیماریوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پروفیسر اجے شکلا بھی موجود تھے۔ سنگھ نے کہا کہ اس علاج کا مقصد گرمی سے متعلق بیماریوں کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور لوگوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے بااختیار بنانا ہے۔علاج کا یہ سینٹر جدید ترین طبی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ یہ گرمی سے متعلق بیماریوں سے متاثرہ لوگوں کو فوری اور خصوصی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں میں اموات اور بیماری کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اعداد و شمار کے مطابق اگر ہیٹ اسٹروک کا بروقت اور فوری علاج نہ کیا جائے تو شرح اموات 80 فیصد تک ہوسکتی ہے۔