جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کی پنچائت بھاٹی دھارکے وارڈ نمبر 6 کے مکینوں نے محکمہ گراؤنڈ واٹر کے اعلیٰ آفیسران کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی ملی بھگت سے علاقے کے کئی ہینڈ پمپوں پر غیر قانونی طور پر موٹریں نصب کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی افراد نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پنچائت بھاٹی دھارکے وارڈ نمبر 6 میں عوام کے لئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے ایک ہینڈ پمپ نصب کیا گیا تھا تاکہ لوگوں کو پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے تاہم محکمہ گراؤنڈ واٹر کے اعلیٰ آفیسران کی غفلت اور ملی بھگت کی وجہ سے ایک شخص نے اس ہینڈ پمپ پر غیر قانونی طور پر موٹر لگا دی، جس سے پمپ کا مقصد ہی ختم ہوگیا۔یہ اقدام علاقے کے لوگوں کے لئے سنگین مسئلہ بن چکا ہے، کیونکہ نہ صرف پمپ کے ہینڈل کو نکال دیا گیا ہے بلکہ موٹر لگا کر پانی کا استعمال مکمل طور پر مشکل بنا دیا گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اب سردیوں میں انہیں کئی کلو میٹر دور جا کر پانی لانا پڑتا ہے، جو نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ صحت کے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔عوام نے شکایت کی ہے کہ انہوں نے بار بار اس مسئلے کو محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کے نوٹس میں لانے کی کوشش کی، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اس کے باوجود کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے لاکھوں روپے خرچ کر کے عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن محکمہ کے افسران کی غفلت اور ملی بھگت کی وجہ سے ان کی یہ کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ جنہوں نے ہینڈ پمپ پر موٹر لگائی ہے، وہ کسی سیاسی اثر و رسوخ کا حامل شخص ہے، جس کے نتیجے میں محکمہ کے آفیسران اس کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔مینڈھر کے مختلف حصوں میں بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جہاں محکمہ کے آفیسران کی ملی بھگت سے سینکڑوں ہینڈ پمپوں پر غیر قانونی طور پر موٹریں نصب کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔مکینوں نے کہا کہ اس غیر قانونی عمل کے نتیجے میں ان کی روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اور اب ان کے لئے صاف پانی حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔علاقے کے عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور ان ہینڈ پمپوں پر نصب موٹریں ہٹانے کی کارروائی کریں، تاکہ عوام کو دوبارہ صاف پانی کی سہولت مل سکے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا تو ان کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی، اور اس سے علاقے کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اس بدعنوانی کو ختم کیا جائے اور عوام کو پانی کے مسئلے سے نجات دلائی جائے۔