جموں//ریاستی کرائم برانچ نے امرناتھ یاترا پر جانیو الے عقیدتمندوں کو ہیلی کاپٹر کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سنجے بجاج عرف سدارتھ شرما نامی اس جعلساز کے خلاف گلوبل ویکٹرا ہیلی کارپ لمیٹیڈ نامی کمپنی کے جموں مقیم نمائندہ راجیش گپتا کی شکایت پر کارروائی کی گئی ہے ۔ شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ امرناتھ شرائن بورڈ نے ہیلی کاپٹر خدمات کی فراہمی کے لئے ان کی کمپنی کو ٹھیکہ دے رکھا ہے ، جعلی ٹکٹوں کی فروخت کا اس وقت انکشاف ہوا جب جموں کے ہی ایک شخص نے ہیلی کاپٹر کمپنی کے دفتر میں ٹیلی فون کر کے مذکورہ جعلساز سے حاصل کردہ ٹکٹوں کو کنفرم کرنے کی استدعا کی۔ قابل ذکر ہے کہ کمپنی کو ملے کنٹریکٹ کے مطابق پنج ترنی سے یکطرفہ کرایہ 1715روپے جب کہ دو طرفہ کرایہ 3430روپے ہے لیکن جعلی ٹکٹوں پر 6500روپے کرایہ درج ہے ۔شکایت ملنے پر کرائم برانچ نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی اور ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ مذکورہ شخص جعلی ٹکٹیں فروخت کر رہا تھا اور وہ خود کو پولیس کی نظروں سے بچائے رکھنے کے لئے میڈیا نمائندہ ہونے کا سہارہ لئے ہوئے تھا۔