ممبئی// تیل اور قدرتی گیس کارپوریشن (او این جی سی)کے ملازمین کو لے کر جارہا پون ہنس کا ایک ہیلی کاپٹر ممبئی کے جوہو ہوائی اڈے سے آج اڑان بھرنے کے بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔ہیلی کاپٹر میں سات افراد سوار تھے ،جن میں سے پانچ ملازمین اور دو پائلٹ تھے ۔تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا کچھ ملبہ برآمد کیاگیا ہے اور سمندر سے چار لاشیں بھی نکالی گئی ہیں،ان میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے ۔ داؤفن این 3ہیلی کاپٹر نے جوہو سے صبح 10بج کر 20منٹ پر اڑان بھری تھی۔ہندوستانی ساحلی محافظ دستے نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا ایئر کنٹرول روم اور اواین جی سی سے 10بج کر 35 منٹ آخری بار رابطہ ہوا تھا۔اس وقت وہ ممبئی سے 30سمندری میل دور پرواز کر رہاتھا۔ پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیردھرمیندر پردھان نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ بچاؤ مہم کو تیز کرنے سے متعلق انہوں نے وزیردفاع نرملا سیتا رمن سے بات چیت کی ہے ۔ ہندوستانی ساحلی محافظ دستے نے ہیلی کاپٹر کی تلاش اور بچاؤ کام کے لئے پانچ جہاز ،دو ڈورنیئر اور دو ہیلی کاپٹر کو اسٹیلتھ آبدوز آئی این ایس تیغ تعینات کئے ہیں۔اس کے علاوہ کھوجی طیارہ پی 8 آئی کو بھی ملبے کی تلاش میں لگایا گیا ہے ۔ او این جی سی کے ایک افسر نے بتایا کہ لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں کمپنی کے سبھی ہیلی کاپٹر اور سبھی بحریہ اڈوں کے ایک ایک ہیلی کاپٹر کو لگایاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ پون ہنس کا ہیلی کاپٹر تھا جس میں پانچ ملازم سوار تھے ۔ہیلی کاپٹر کو جلد از جلد تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ساحلی محافظ دستے نے بتایا کہ ایک سمندری جہاز اور طیارہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں روانہ کردئے گئے ہیں۔
اس ہیلی کاپٹر کو او این جی سی کے نارتھ فیلڈ میں 10بج کر 58منٹ پر اترنا تھا۔یواین آئی