برج ٹاؤن (بارباڈوس)// ایلیکس ہیلز (110) اور جو روٹ (101) کی شاندار سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے یہاں ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 186 رنز کی بھاری فرق سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 3۔0 سے کلین سویپ کر لی ہے ۔ویسٹ انڈیز نے یہاں کنگسٹن اوول میں ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کو پہلے بلے بازی کا موقع دیا جس نے مقررہ 50 اوور میں 328 رنز بنائے ۔لیکن ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم 39.2 اوور میں 142 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔اسی کے ساتھ مہمان انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز بھی یک طرفہ انداز میں جیت لی۔سیم بلنگس کی جگہ ٹیم میں آئے اوپنر ہیلز نے اپنی اننگز میں 107 گیندوں میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگا کر 110 رنز بنائے جبکہ روٹ نے 108 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر 101 رنز کی اننگز کھیلی اور دوسرے وکٹ کے لئے 192 رن کی زبردست شراکت کی جو ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کا نیا ریکارڈ ہے ۔ساتھ ہی اننگز میں بین اسٹوکس نے بھی 20 گیندوں میں تابڑ توڑ 34 رنز بنا کر اسکور 300 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔ویسٹ انڈیز کیلئے فاسٹ بولر الجاري جوزف نے اپنے تیسرے ہی ون ڈے میں 76 رنز پر سب سے زیادہ چار وکٹ نکالے ۔جیسن ہولڈر نے 41 رنز پر انگلینڈ کے تین وکٹ لئے ۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری کیریبین ٹیم کی بلے بازی انتہائی مایوس کن رہی اور سرفہرست تین بلے باز 13 رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے ۔جوناتھن کارٹر 77 گیندوں میں آٹھ چوکے لگا کر 46 رنز کی واحد بڑی اننگز کھیل سکے ۔گھریلو کھلاڑی جوزف نے اچھی بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ لوٹے ان کا اننگز میں ویسٹ انڈیز کا دوسرا بڑا اسکور رہا۔انگلینڈ کیلئے کرس ووکس نے 16 رن پر تین وکٹ، اسٹیفن فن نے 35 رن پر دو وکٹ اور لیام پلنکٹ نے 27 رن پر تین وکٹ نکال کر اچھی بولنگ کی۔ہیلز کو مین آف دی میچ اور ووکس کو مین آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔اس جیت کو چمپئنز ٹرافی کے میزبان انگلینڈ کیلئے جون میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے پہلے اہم مانا جا رہا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز آٹھ ٹیموں کے اس مقابلے کے لیے کوالیفائی ہی نہیں کر سکی ہے ۔(یواین آئی)