عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دوردراز علاقے سب ڈویژن چھاترو میں قایم دو ہیلتھ سینٹر منگل کو دفتری اوقات کے دوران تالہ بند پائےگئے جس پر مقامی لوگوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق صحافیوں نے جب مغلمیدان کے دربیل میں قایم ہیلتھ سینٹر کا دورہ کیا تو وہ سینٹر دوپہر بارہ بجے کے قریب بند پایاگیا ۔مقامی لوگوں سے معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ یہ سینٹر ویکسین لگانے کے دوران ہی کھلتاہے جبکہ بیشتر اوقات بند رہتاہے وہیں دیلر میں قایم ہیلتھ سینٹر بھی قریب ساڑھے بارہ بجے بند پایاگیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں تعینات نرس اس سینٹر کو کھولتی ہے لیکن انھیں بھی یہاں سے دفتر کسی نہ کسی کام کیلئے لیاجاتاہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سینٹر میں ایک ڈاکٹر کی بھی اسامی ہے لیکن آج تک اس کو پر نہیں کیا گیا اور اس سینٹر کو محض ایک نرس چلاتی ہے۔بی ایم او چھاترو ڈاکٹر سائمہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دربیل ہیلتھ سینٹر کی ملازم چھٹی پر ہے جبکہ انھوں نے انکی جگہ دوسرے سینٹر کی ملازم کو اس سینٹر میں مرحلہ وار طور ڈیوٹی انجام دینے کیلئے رکھا ہے جبکہ ہیلتھ سینٹر دیلر کی ملازم نرس پی ایچ سی چھاترو میں ویکسین لینے کیلئےڈیوٹی پر موجود تھی اور آج اس علاقے میں ویکسین لگائی جانی ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ بیشتر ہیلتھ سینٹر وںپر ایک ہی ملازم تعینات ہے جسکے سبب ہیلتھ سینٹر بند ہوسکتے ہیںلیکن ایساکوئی مسلہ نہیں ہے۔