کپوارہ// ضلع کپوارہ کے کیرن علاقہ میں قائم پرائمری ہیلتھ سنٹرمیں ایمبو لنس کی عدم موجودگی کے نتیجے میں مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔ایمبو لنس کی عدم دستیابی پر مقامی لوگ محکمہ صحت کے علاوہ عوامی نمائندوں سے بھی نالا ں ہیں ۔علاقے کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میںعرصہ درازسے ایمبو لنس نہیںہے ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ اسپتال میں ایک ایمبو لنس خراب پڑی ہے اور ابھی تک کوئی دوسری ایمبولنس فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں مریضوں کو جب علاج و معالجہ کے لئے کرالہ پورہ یا ضلع کے دیگر اسپتالو ں کو منتقل کیا جاتا ہے توانہیں سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ کیرن ضلع ہیڈ کواٹر کپوارہ سے بہت دور ہے اور لوگو ں کو دشوار گزار راستوں سے گزر کر کرالہ پورہ اور ضلع صدر مقام پر پہنچنا پڑتا ہے اور اس کے لئے کیرن میں لوگو ں کو بنیادی سہولیات میسر رکھنا حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے تھی لیکن کوئی دھیان نہیں دے رہاہے ۔لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہا ں کے لوگو ں کو اکثر و بیشتر اس بات کا ڈر رہتا ہے کہ اگر دوران شب کسی بیمار یا دردذہ میں مبتلا خاتون کو کپوارہ یا کسی دوسرے اسپتال کو منتقل کرنا پڑا تو وہ کیا کریں گے ۔مقامی لوگو ں نے اسپتال میں فوری طور ایمبولنس گاڑی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ۔اس حوالہ سے بلاک میڈیکل آفیسر کرالہ پورہ ڈاکٹر میر محمد شفیع نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کیرن میں جو ایمبو لنس گا ڑی ہے وہ خراب ہے اور انہو ں نے مقامی ممبر اسمبلی اور محکمہ کے اعلیٰ حکام کو آ گاہ کیا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ بہت جلد پی ایچ میں ایمبولنس کودستیاب رکھا جائے گا ۔