گاندربل// پرائمری ہیلتھ سنٹر واکورہ گاندربل میں طبی عملہ کی کمی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مریضوں کو مشکلات درپیش ہیں۔یہ ہیلتھ سنٹر ضلع کے قدیم طبی مراکز میں شمار کیا جاتا ہے جسے 1955 میں قائم کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق چند سال قبل اس ہیلتھ سنٹر میں طبی عملہ ضرورت کے مطابق موجود تھا لیکن آج کل سرکار کی عدم توجہی کا شکار ہے۔تحصیل واکورہ کے بٹہ وینہ، کرہامہ، بارسو، واسکورہ، ڈب، ززنہ، بادام پورہ، نارائن باغ اورربہ تار سمیت دیگر علاقے اس پرائمری ہیلتھ سنٹر سے منسلک ہیں۔اس طبی مرکز میں ماہر امراض خواتین کی عدم موجودگی سے زنانہ امراض میں مبتلا خواتین کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔طبی عملے کی کمی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر دو روز قبل مقامی آبادی نے گاندربل واکورہ شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک کی نقل و حرکت مسدد کی۔دھرنا پر بیٹھے لوگ مطالبہ کررہے تھے کہ ہسپتال میں لازمی سہولیات کو باقاعدہ بنایا جائے اور طبی عملہ کی کمی کو پورا کیا جائے۔