نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے سیری علاقہ میں شعبہ صحت کے پرائمرہ ہیلتھ سنٹر سیری میں نصب کردہ ایکسرے مشین گزشتہ 4برسوں سے خراب پڑی ہوئی ہے جس کو نہ تو چلایا گیا ہے اور نہ ہی اب اس کی مرمت کروائی جارہی ہے ۔مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ برسوں قبل مذکورہ ہیلتھ سنٹر میں انتظامیہ کی جانب سے ایکسر ے مشین نصب کی گئی تھی لیکن اس کو استعمال میں لانے کیلئے کوئی ملازم تعینات ہی نہیں کیا گیا جس کیو جہ سے مشین زنگ آلودہ ہو کر خراب ہو گئی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات اور دور دراز علاقوں میں قائم کردہ ہیلتھ مراکز میں بنیادی سہولیات کو پورا ہی نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید خستہ حال ہو تی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اداروں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے نجی سیکٹر کو بڑھائو مل رہا ہے جو کہ غریبوں کیلئے سخت پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ مقامی پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایکسر ے جیسی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مریض نجی کلینکوں میں مہنگے داموں پر ایکسرے کروانے پر مجبور ہیں جبکہ مذکورہ ہیلتھ مرکز پر بلاک کی 9پنچایتوں کا انحصار ہے ۔بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین سیری نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے سیری میں خراب پڑی مشین کی مرمت کروائی جائے جبکہ اس کا قابل استعمال لانے کیلئے ملازمین کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔