عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // ہیر پورہ شوپیان میں 47 سالہ شہری درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔ ادھرجنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے جبلی پورہ میں فروٹ منڈی کے قریب ایک سڑک حادثے میں 10افراد زخمی ہو گئے ۔ فروٹ منڈی جبلی پورہ کے نزدیک اس وقت سڑک حادثہ رونما ہوا جب ایک تویرا گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے سے کم از کم دس افراد زخمی ہوگئے۔ گاڑی زیر نمبر JK14B-9328فروٹ منڈی کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میںسوار تمام دس مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا جہاں سے مزید علاج کیلئے سات کو میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ باقی تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ادھر شوپیان کے ہیر پورہ علاقے میں 47 سالہ شہری درخت سے گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔ مرنے والے کی شناخت وسیم شیخ ساکن ہیر پورہ شوپیان کے بطور ہوئی ہے۔موصوف کوابتدائی طور پر ضلع ہسپتال شوپیاں منتقل کیا گیااور بعد میں خصوصی علاج کیلئے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ تاہمصدر ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔