کٹھوعہ // ہیرا نگر اور سانبہ سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کے دوران ایک بی ایس ایف اہلکار سمیت 2 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔زخمی اہلکار کی شناخت بی ایس ایف اہلکار پروین کمار مشرا 80 بٹالین،اور شہری کی دلیت رام ساکن بوبیہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ فائرنگ اور گولہ باری رات دیر گئے شروع ہوئی جس دوران ہیرا نگر سیکٹر کے بوبیہ، لونڈی سمیت درجن بھر بھارتیہ چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ گولہ باری اور فائرنگ پوری رات تک چلتی رہی اس دوران متعدد مارٹر گولے رہائشی آبادی والے علاقوں میں گرے ۔جنگ بندی معاہدہ کی تازہ خلا ف ورزی وزیر اعظم کے جموں دورہ سے دو روز قبل ہوئی ہے ۔ بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں رات 10بجے جب کہ سانبہ سیکٹر میں صبح 2بجے فائرنگ اور شلنگ شروع کر دی۔بی ایس ایف ترجمان کے مطابق پاک رینجرز نے ایک درجن کے قریب اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں ایک اہلکار ، ایک عام شہری زخمی ہو گئے جب کہ کئی مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ کی وجہ سے علاقہ میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے اور انتظامیہ نے سرحد سے 5کلو میٹر کے علاقہ میں تما م اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے غیر محفوظ اسکولوں میں ہونے والے امتحانات بھی منسوخ کر دئیے گئے ۔ اس سے قبل 15مئی کو پاکستانی فائرنگ کی زد میں آکر ایک بی ایس ایف جوان ہلاک ہو گیا تھاجب کہ سرحدی فوج نے دراندازی کی 4کوششوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔