سرینگر//کپوارہ میں فوج کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت کے خلاف مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتا ل کی کال کے بیچ اتوار کو جہاں شہر سرینگر میں تما م دکانیں اور کاروباری ادارے مقفل رہے وہیں سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی خاصی چہل پہل نظر آئی ۔ٹی آر سی سے پولو ویو اورلال چوک سے لیکرامیرا کدل اورہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے علاوہ بٹہ مالو میں لگے سنڈے مارکیٹوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے خریدو فروخت کی ۔ ملبوسات ،جوتوں ،کراکری ،کمبل ،بسترے ،جوتے ،قالین ،گلدان ،الیکڑانک سامان اور دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ لوگ پھلوں کی خریداری میں مشغول تھے ۔مردوزن ،بچے اور سن رسیدہ افراد کے ساتھ ساتھ غیر ریاستی باشندئوں کی ایک بڑی تعدادنے بھی سنڈے مارکیٹ کا رخ کیا۔سنڈے مارکیٹ اب کشمیری سماج کا ایک لازمی حصہ بن گیا ہے اور سماج کے غریب سے اوسط درجے کے لوگ اس مارکیٹ سے مستفید ہوتے ہیں حتی کہ سرمایہ دار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افرادبھی یہاں آکر اپنی من پسند چیزیں سستے داموں خریدتے ہیں۔