نیوز ڈیسک
جموں// جموںکشمیر پولیس سربرا ہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں ہڑتالی کال اور سکول بند رہنا قصہ ماضی بن چکا ہے اورراجوری اور پونچھ حملوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔جموں کے رام بن میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوںنے بتایا’’ہڑتال کی کالیںاب کشمیر میں تاریخ بن چکی ہیں اور یہاں ہمہ جہت ترقی ہوئی ہے جس سے سماج کے تمام طبقات اور سیاحت کی صنعت سمیت مختلف شعبوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے‘‘۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا راجوری پونچھ کے حالیہ حملوں میں ملوث عسکریت پسند گروپ کوئی نیا دراندازی گروپ ہے یا پرانا لیکن بظاہر یہ واضح ہے کہ یہ تنظیمیں ہیں۔ جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کیلئے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔اس موقعہ پر دلباغ سنگھ نے کہا کہ راجوری اور پونچھ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ راجوری پونچھ کے علاقوں میں جو کنٹرول لائن کے قریب ہیں، نصف درجن سے زیادہ آپریشن کئے گئے جس میں کئی دراندازوں کو ہلاک کیا گیا اور ہتھیاروں اور منشیات کو گرانے کو ناکام بنایا گیا۔ڈی جی پی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے میں ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع کی سیکورٹی کو مزید بڑھانے کیلئے جدید سیکورٹی آلات بشمول سی سی ٹی وی اور ڈرون کا مناسب استعمال کریں۔
ڈی جی پی کا ریاسی دورہ
مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت
ریاسی//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کل ضلع ریاسی میں مہور علاقے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر پولیس اور فوج کے افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے علاوہ ضلع کی سیکورٹی اور جرائم کے منظر نامے کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے دائرہ اختیار کے افسران سے ضلع میں موجودہ سیکورٹی کے حالات کے بارے میں رپورٹیں طلب کیں۔ افسران نے ڈی جی پی کو سیکورٹی اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہیں ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مضبوط ایریا ڈومینیشن گرڈ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے فورسز کے درمیان ہم آہنگی کی تعریف کی۔